سری نگر// جموں و کشمیر میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب کو ہونے والی موسلادھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آنے سے لوگوں کو راحت نصیب ہوئی ہے۔تاہم گاندربل اورڈوڈہ میں شدبارشوں اوربادل پھٹنے کے بعدکئی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ،جسکے نتیجے میں بارشوں کاپانی سیلابی ریلوں کی صورت میں بستیوں اورکھیت کھلیانوں میں داخل ہوگیا ۔اس دوران جموں شہر میں 32سال بعدہونے والی ریکارڈ بارشیں ہونے سے سڑکیں ،گلی کوچے اوراہم بازار زیرآب آگئے ،اورلوگوں کونقل وحمل اورعبورومرورمیں سخت دشواریوںکاسامنا کرناپڑا ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق اتوارکے روزکشمیروادی کیساتھ جموں صوبہ کے کئی علاقوں میں سہ پہر اورشام کے وقت ہلکی بارشیں ہوئیں ۔تاہم بعدازاں موسم خشک رہنے سے گرمی کی شدت برقراررہی ۔رات بھر لوگوں کوسخت گرمی اورتپش سے مشکلات درپیش آئے ،تاہم دوران شب ہی لگ بھگ 3بجے کشمیراورجموں صوبوں کے کئی علاقوں میں تیز طرار اورموسلا دار بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ۔بارہمولہ سمیت پورے شمالی کشمیر ،گاندربل سمیت وسطی کشمیر اورپہلگام سمیت جنوبی کشمیرکیساتھ ساتھ جموں شہر،ڈوڈہ اوردیگر کئی اضلاع میں بھی بارشوں کاسلسلہ مسلسل کئی گھنٹوں تک جاری رہا،جسکے نتیجے میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری گرمی کی شدت میں کمی آئی اورلوگوں کوراحت نصیب ہوئی ،تاہم بارشوں کاسلسلہ دوران شب 3بجے سے سوموارکوصبح لگ بھگ 8بجے تک جاری رہنے سے متاثرہ علاقوں میں سڑکیں ،گلی کوچے ،گھروں کے صحن ،بازار اورکھیت کھلیان بھی زیرآب آگئے ۔بارشوں کے بیچ گاندربل اورڈوڈہ اضلاع کے کچھ علاقوں میں بادل پھٹنے کے واقعات رونما ہوئے ،اوراسکے نتیجے میں کئی ندی نالوںمیں طغیانی کی صورتحال پیداہوگئی ،ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بڑھ جانے کے بعدبارشوں کااضافی پانی نزدیکی بستیوں اورکھیت کھلیانوں میں داخل ہوگیا ۔ جس کے نتیجے میں کئی رہائشی ڈھانچوں، رابطہ سڑکوں اور کھیت کھلیانوں کو نقصان پہنچا ۔معلوم ہواکہ وسطی ضلع گاندربل کے وتہ لار گائوںمیں پیر کوعلی الصبح بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں علاقے سے گزرنے والے چھرناری نالے میں شدید طغیانی آ گئی۔نالے کا پانی بے قابو ہونے کی وجہ سے کچھ رہائشی مکانات، رابطہ سڑکوں اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ۔ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی لوگوں کی اجتماعی کوششوں سے رابطہ سڑکوں کو بحال کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بادل پھٹنے اور نالے میں شدید طغیانی آنے کے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق وتہ لار میں موجود کنال پر ناجائز قبضہ کرنے کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پانی کے اچانک اور تیز بہاو کے سبب کھیتوں کو کافی نقصان پہنچا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی ان کے گھروں میں بھی داخل ہوگیا جس نے کافی تباہی مچادی۔لوگوںنے کہا کہ تجاوزات کو ہٹوانے کیلئے انہوں نے کئی بار انتظامیہ حتیٰ کہ گورنر انتظامیہ سے بھی رجوع کیا تاہم ان کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائی نہ کیے جانے کے سببسیلابی ریلے‘ نے ان کے علاقے میں تباہی مچادی۔ادھر صوبہ جموں بالخصوص خطہ چناب میں بھی اتوار اور پیر کی درمیانی رات کے دوران موسلادھار بارش ہوئی ۔موسلادھار بارشوں کی وجہ سے کچھ رابطہ سڑکوں بالخصوص ڈوڈہ ، کاشتی گڑھ سڑک کو شدید نقصان پہنچا۔معلوم ہواکہ ڈوڈہ ضلع کے تحصیل کاستی گڑھ کے مضافاتی علاقوں میں صبح سے ہی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں مختلف جگہوں پر مٹی کے تودے گرنے اور ڈھالانیں کھسکنے کے واقعات رونما ہوئے۔ وہیں، ندی نالوں میں طغیانی کے سبب سڑکیں گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بند ہو گئی ہیں۔ تحصیل کاستی گڑھ میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے ناگنی کے مقام پر بارش کے سبب سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور تیز بہائو کے سبب ٹریفک کی آمد و رفت بند ہو گئی ہے۔وہیں، ایک گاڑی پانی کے تیز بہائو میں بہہ گئی۔ گر چہ مقامی نوجوانوں نے ڈرائیور کو بحفاظت گاڑی سے باہر نکالا تاہم گاڑی سیلاب کے ملبے میں دھنس گئی۔ادھروادی میں پیر کو جہاں دن کے وقت ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں وہیں دن کے درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ۔اس دوران جموں شہر میں 32سال بعدہونے والی ریکارڈ بارشیں ہونے سے سڑکیں ،گلی کوچے اوراہم بازار زیرآب آگئے ،اورلوگوں کونقل وحمل اورعبورومرورمیں سخت دشواریوںکاسامنا کرناپڑا ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ جموں شہر کے کچھ علاقوںمیں موسلادار بارشوں کے بعدپانی کئی گھروں اورسرکاری عمارات میں بھی داخل ہوگیا،جسکے نتیجے میں یہاں کچھ ایک کمپلیکسوں کی دیواروںکونقصان پہنچا۔پولیس نے مزیدبتایاکہ پولیس پوسٹ گاندھی نگرجموں اورسٹی پولیس اسٹیشن کے احاطے میں بھی بارشوں کاپانی داخل ہوگیاجبکہ توی دریامیں بھی بارشوں کے بعدپانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔پولیس ذرائع کاکہناتھاکہ جموں شہر کے بھگوتی نگر،تالاب تلو،جیول چوک ،راجندرچوک ،قاسم نگر ،ونائیل بازار ،ڈوگرہ چوک،گاندھی نگر،سینک کالونی اورگرین بیلٹ سمیت دیگر کئی علاقوں میں بھی بارشوں کاپانی صحنوں اورمکانات ودکانات میں داخل ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ دوران شب ہونے والی موسلا دار بارشوں سے سوموارکی صبح جموں شہر کے متعدد علاقوں اوراہم بازاروں میں پانی جمع ہونے سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ تاجروں اورٹرانسپورٹروں کونقل وحمل اورعبورومرورمیں خاصی دشواریوں کاسامنا کرناپڑا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ بارشوں کاپانی جگہ جگہ جمع ہونے کے بعدجموں ،پٹھانکوٹ شاہراہ کوکچھ وقت کیلئے گاڑیوں کی آومدورفت کیلئے بندکیاگیا۔










