Rain_dooran.in

ٹنل کے آر پار موسمی صورتحال میں پھر تبدیلی ، بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانوں میں بارشیں

آئندہ 24گھنٹوں تک مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی ،21فروری سے موسمی صورتحال میں مجموعی طور پر بہتری آئیگی

سرینگر // ٹنل کے آر پار موسمی صورتحال میں ایک بار پھر تبدیلی آئی اور محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے عین مطابق بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جبکہ سرینگر سمیت بیشتر علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئی ۔ دن بھر وقفے وقفے سے جاری ہلکی برفباری اور بارشوں کے باعث وادی میںمعمولات زندگی درہم برہم ہوکے رہ گئی جبکہ شدیدسردی نے لوگوں کو کپکپا دیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 21فروری کی صبح سے موسمی صورتحال میں مجموعی طور پر بہتری آئے گی ۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق موسم نے ایک بار پھر کروٹ بدلی جس کے چلتے شہرہ آفاق گلمرگ ، سونہ مرگ ، پیر کی گلی ، گریز اور دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کا سلسلہ دوران شب سے ہی شروع ہو گیا ۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق سنیچروار او ر اتوار کی درمیابی رات سے ہی موسم میں تبد یلی آتے ہوئے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی جس کے چلتے شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں تازہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دوران شب سے ہی گلمرگ ، سونہ مرگ ، زوجیلا اور پیر کی گلی کے علاوہ پیز پنچال کی پہاڑیوں میں برف و باراں کا سلسلہ شروع ہواجو آخری اطلاعات ملنے تک وقفہ وقفہ سے جاری تھی۔ اددھر محکمہ موسمیات کے مطابق پیر پنچال کے آر پار اگلے 24گھنٹوں تک میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں بھی برفباری ہونے کے امکانات ہے اور کہا کہ موسمی صورتحال میں 21فروری صبح سے بہتری آئی گی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رات بھر آسمان ابر آلوددہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری درج کی گئی ہے اور گزشتہ رات سرینگر میں منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح سے قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات 0.7 ڈگری کے مقابلے میں 2.5 ڈگری سیلشس اور شہرہ آفاق گلمرگ میں قریب 6انچ تازہ برف پڑی، اور گزشتہ رات منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 13.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت کے لیے معمول سے 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق 21 فروری کی سہ پہر تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 19 سے 20 فروری تک کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، گاندربل، بڈگام، شوپیاں کے درمیانی اور اونچے علاقوں میں بھاری برف باری کے امکان کے ساتھ زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ جموں صوبے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں کئی مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔