ٹنل کے آر پار معراج العالم عقیدت و احترام سے منایا گیا

درگاہ حضرتبل میں مرکزی اجتماع،ہزاروں عاشقان اشکبار آنکھوں سے موئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب

سرینگر/ یو این ایس // معراج العالمؐکی مناسبت سے سنیچر کو وادی بھر میں روح پرور اور با وقار مجالس کا اہتمام کیا گیا جبکہ آثار شریف حضرتبل میں عاشقان رسول ؐ کا سمندر ا مڈ آیا۔عاشقان رسول ؐرات بھر شب خوانی ، ذکر وازکار ، قرآن خوانی ، دروداسلام ، نمازوں کی ادائیگی اور خطمات المعظمات کی پْر نور مجالس میں محو رہے۔ یو این ایس کے مطابق برق سے بھی تیز رفتار براق پر سوار نبیؐ کی طرف سے تمام کائنات کی سیر کرنے کی مناسبت سے معراج العالمؐ کی تقریبات عقیدت واحترام وتزک احتشام سے پوری دنیا کے ساتھ ساتھ وادی میں بھی منائی گئی۔ معراج العالم ؐ کی تقریب برصغیر کے ساتھ ساتھ پورے جموںوکشمیر میں انتہائی عقیدت و محبت کے ساتھ منائی گئی۔ اس پاک و بابرکت دن کی مناسبت سے وادی کے طول وعرض میں بڑے بڑے روح پروراجتماعات کا انعقاد ہو جن میں علماء اور ائمہ مساجد نے فلسفہ معراج اور پیغمبر آخرالزماں حضرت محمد مصطفی ؐکے عظیم سفر معراج اور ان کی پاک زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ سب بڑی تقریب آثار شریف حضرت بل میں منعقد ہوئی ،جہاں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول ؐ رات بھر شب خوانی میں محوررہے اور رات بھر توبہ استغفار درود ازکار، نعت خوانی اور وعظ تبلیغ کی مجالس میں محو رہنے کے بعد سنیچر کو نماز فجر ادا کرنے کے بعدموئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب ہوئے جبکہ یہ سلسلہ پانچوں نماز کے مواقعوں پر جاری رہا۔شب خوانی میں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھیں مجلس میں ہر عقیدت مند کی آنکھیں پر نم تھیں اور ان کے آنکھوں سے آنسو ٹپک رہے تھے جبکہ آہ وزاری کی وجہ سے درگاہ شریف نوارنی سماں پیش کررہا تھا۔یو این ایس کے مطابق اس موقعہ پر درود سلام سے پورا حضرتبل علاقہ گونجتا رہا۔۔ پوری رات درگاہ حضرتبل اور اسکے گرد نواح میں درود وازکار کی گونج سنائی دی جس کے نتیجے میں پورا علاقہ معطر ہوا۔پورے دن درگاہ حضرتبل عقیدت مندوں کا آنا جاری رہا جبکہ اس دوران نماز ظہر ، نماز عصر اور نماز مغرب کے بعد لاکھوں فرزندان توحید موئے مقدس ؐ کے دیدار سے فیضاب ہوئے۔ اس موقعہ پر یہاں انتہائی جذباتی اور رْوح کو زندہ کرنے والے مناظر دیکھے جاسکتے تھے کیونکہ موئے مقدسؐ کا دیدار کرنے والے عقیدت مند زار و قظار اشک بہانے کے ساتھ ساتھ ہاتھ اٹھاکر اللہ تعالی کے حضور اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل و مشکلات اور آزمائشوں سے نجات کی دعائیں مانگ رہے تھے۔ اکثر مقامات پر راستوں کو سجانے کے ساتھ ساتھ چراغاں کیا گیا تھا۔زائرین کو راحت پہنچانے کیلئے محکمہ سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام کیاگیاتھا۔سرینگر میں واقع مختلف آستانوں اور زیارت گاہوں میں بھی معراج العالم ؐ کے موقعہ پر عظیم الشان اور روح پرور اجتماعات کا اہتمام کیا گیا اور ان اجتماعات میں بھی سردی کے باوجود لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول ؐ نے شرکت کی۔ عقیدت مندوں کو راحت پہنچانے کیلئے سرکاری و غیر سرکاری رضا کار تنظیموں نے مفت میڈیکل کیمپ اور مشروبات کا انتظام کیا تھا۔ ادھر آثار شریف پنجورہ شوپیان ، جناب صاحب صورہ، ، کعبہ مرگ،کھرم سرہامہ،سیر ہمدان،پنجورہ شوپیان ، خانقاہ فیض پناہ ترال، خانقاہ معلیٰ سرینگر، آثار شریف شہری کلاشپورہ ،چرار شریف کے علاوہ دیگر اضلاع اور قصبہ جات بشمول بڈگام ،پلوامہ ، کولگام ،سوپور، بانڈی پورہ ، اسلام آباد ، بارہمولہ اور کپوارہ میں بھی لوگوں نے مساجدمیں شب خوانی کرکے اللہ تعالیٰ کے حضور میں اپنے گناہوں کیلئے مغفرت مانگی اور دنیا میں قیام امن کیلئے دعائیں مانگی۔اہم شریف بانڈ ی پورہ،زیارت حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ سرائے بل سرینگر،زیارت مخدوم صاحب کوہ ماراں،سمیت دیگر کے جنوب و شمال میں واقع بڑی مساجد اور زیارت گاہوں و خانقاہوں میں معراج العالم کے سلسلے میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا،جن میں فرزنداں توحید نے شرکت کی۔ کعبہ مرگ اننت ناگ میں معراج النبیؐ کے سلسلہ میں روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد رسول پاکؐکے تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔یو این ایس کے مطابق دریں اثناء رات بھر شب وخوانی اور درود ازکارکی محفلیں آراستہ کرنے کے بعد ہفتہ صبح عاشقان رسول ؐموئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب ہوئے جس کے بعد پانچویں وقت کے نمازوں پر زائرین موئے مقدس ؐ کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔ معراج البنی کے موقعہ پر منعقد کی گئی تقریبات میں ائمہ مساجد نے تفصیل کے ساتھ فلسفہ معراج پر روشنی ڈالی جبکہ ان روح پرمجالس میں وادی میں امن و آشتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ادھر پوری دنیامیں بھی معراج عالم ؐ کی تقریبات منائی جارہی ہیں۔