سری نگر//ٹرانسپورٹ کمشنر وشیش پال مہاجن نے آج موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ (ایم وِی ڈِی) کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ منعقد کی۔ اِس میٹنگ کا مقصد عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے،ریگولیٹری نفاذ اور آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے کے لئے ہدایات جاری کرنا تھا۔میٹنگ میں محکمہ کے سینئر اَفسران بشمول ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر ارون کشور کوتوال، جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر وِکاس آنندنے شرکت کی جبکہ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (آر ٹی او) جموں جسمیت سنگھ، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (آر ٹی او) کشمیر قاضی عرفان، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (آر ٹی او) کٹھوعہ سریندر پال شرمااور جموںوکشمیر یوٹی کے تمام اَضلاع کے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اَفسران( اے آر ٹی اوز)نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔ دورانِ میٹنگ، ’’ واہان‘‘اور ’’سارتھی‘‘ ڈیجیٹل پلیٹ فارموںکے کام کاج پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا جس میں تکنیکی مسائل کے حل اور سروس میں حائل رُکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا گیا تاکہ عوام کو بلا رُکاوٹ اور مؤثر ڈیجیٹل سروس فراہم کی جا سکے۔ٹرانسپورٹ کمشنر نے پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ (پی ایس جی اے) کے تحت آنے والی خدمات کی بروقت اور مؤثر فراہمی پر زور دیا۔ تمام اَفسران کو پی ایس جی اے کے تحت مقررہ مدت کے اندر ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے، گاڑیوں کی رجسٹریشن، پرمٹ کے اجرأ و تجدید اور فٹنس سر ٹیفکیٹ جیسے کام مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت دی گئی۔دورانِ میٹنگ جن دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور فوری تعمیل کے لئے ہدایات جاری کی گئیں ان میں کمرشل گاڑیوں میں سپیڈ لمٹنگ ڈیوائسز (ایس ایل ڈیز) کی تنصیب شامل تھی۔ ٹرانسپورٹ کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ 31 ؍اگست 2025 ء تک تمام کمرشل گاڑیوں میں حفاظتی معیار کے مطابق ایس ایل ڈیز کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔ایکسیڈنٹ وِکٹم فنڈ کی تقسیم کے حوالے سے بھی ہدایات دی گئیں تاکہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو جلد از جلد معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔ اُنہوں نے اجازت ناموں کی بروقت تجدید اور لیٹر آف اتھارٹی (ایل اے) کے بغیر گاڑیوں کی فروخت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ٹرانسپورٹ کمشنر نے یہ بھی ہدایت دی کہ گاڑیوں کی فٹنس اِنسپکشن کے دوران لی گئی جیو ٹیگ شدہ فٹنس تصاویر جیو ٹیگ کر کے اسی دن اپلوڈ کی جائیں تاکہ بروقت تصدیق اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ تمام ٹرائل گراؤنڈز اور فٹنس سینٹرز میں سی سی ٹی وِی کیمروں کی تنصیب کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی اور واضح کیا کہ فٹنس ٹیسٹ صرف مقررہ و مجاز ٹیسٹنگ مراکز میں ہی کئے جائیں۔اُنہوں نے آٹوموبائل ڈیلروں کی جانچ کی ہدایت بھی دی تاکہ تمام ریگولیٹری اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ٹرانسپورٹ کمشنر نے تمام آر ٹی اوز اوراے آر ٹی اوز کو ہدایت دیکہ وہ باقاعدہ انفورسمنٹ مہم چلائیں اور ان تمام کمرشل گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں جو بغیر درست دستاویزات (جیسے پرمٹ یا ڈرائیونگ لائسنس) کے چل رہی ہوں۔ اس مقصد کے لئے مخصوص مقامات پر خصوصی ناکے قائم کئے جائیں گے اور ہر ضلع میں متعلقہ افسران اس مہم کو وقت کی پابندی کے ساتھ مکمل کریں اور باقاعدگی سے اس کی رپورٹ پیش کریں۔ اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ محکمہ موٹر وہیکلز جموں و کشمیر میں مؤثر، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی خدمات کی فراہمی اور موٹر وہیکل قوانین کے سخت عمل آوری کے لئے پُر عزم ہے۔










