سری نگر//ٹرانسپورٹ کمشنر وشیش پال مہاجن نے ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او) کشمیربمنہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران اُنہوں نے قطار میں کھڑے افراد سے ذاتی طور پر بات چیت کی اور اُنہیں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف آن لائن اور بغیر کسی جسمانی ملاقات کے دستیاب خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ عوام ان ڈیجیٹل سہولیات سے فائدہ اُٹھائیں تاکہ آر ٹی او دفتر کے غیر ضروری دوروں سے بچا جا سکے۔ٹرانسپورٹ کمشنر نے اے آر ٹی او ہیڈکوارٹرز کو ہدایت دی کہ آن لائن خدمات کی دستیابی اور ان کے فوائد کو اُجاگر کرنے والے سائن بورڈوں اور معلوماتی مواد نمایاں طور پر آویزاں کئے جائیںتاکہ عام لوگوں میں بیداری پیدا کی جا سکے۔اُنہوں نے اُس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ آر ٹی او دفاتر میں عوام کی آمد کم کرنے کے لئے ڈیجیٹل رسائی کو فروغ دے گا اور بغیر کسی جسمانی ملاقات کے سہولیت کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔اِس سے قبل ٹرانسپورٹ کمشنر نے بمنہ میں واقع ٹرائل گراؤنڈ کا بھی معائینہ کیا اور وہاں جاری ڈرائیونگ ٹیسٹ کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے نوجوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں احتیاط سے گاڑی چلانے اور ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کی تلقین کی۔اُنہوں نے عملے کو ہدایت دی کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے اُمیدواروں کی مناسب رہنمائی کی جائے اور ٹیسٹ کے نتائج چوبیس گھنٹوں کے اندر آن لائن اَپ لوڈ کئے جائیں ۔










