جواں سال بلے باز سوریہ ونشی کی تعریف چاروں طرف ہو رہی ہے، وہ دنیا کے بہترین گیند بازوں کا سامنا کرنے سے بھی نہیں ہچکچاتے۔ ان کا انتہائی آسانی سے سامنا کرتے ہوئے پہلے ہی گیند سے جارحانہ رخ اختیار کر لیتے ہیں۔ اس بلے باز کو دیکھ کر لگتا ہے کہ 15 سال ان کی عمر نہیں بلکہ ان کا تجربہ ہے۔ مایہ ناز کرکٹر وراٹ کوہلی کو بھی ویبھو سوریہ ونشی کا اسٹائل کافی پسند آیا، انہوں نے میچ کے بعد 2 الفاظ میں ان کے لیے ایک خاص پیغام لکھا جس کی ہر طرف تعریف ہو رہی ہے۔
ایک طرف وراٹ کوہلی بین الاقوامی کرکٹ میں دنیا کے سب سے عظیم بلے بازوں میں شمار ہیں، جبکہ ویبھو سوریہ ونشی کچھ روز قبل ہی بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے قابل (عمر کے اعتبار سے) ہوئے ہیں۔ لیکن انڈر-19 اور آئی پی ایل میں اپنی چھاپ چھوڑ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ جمعہ (10 اپریل) کو آئی پی ایل 2026 میں انہوں نے رائل چیلنجرس بنگلورو کے خلاف 26 گیندوں پر 78 رنوں کی دھماکے دار اننگ کھیلی۔ 300 کی اسٹرائک ریٹ سے کھیلی گئی اس اننگ میں ویبھو سوریہ ونشی نے 7 چھکے اور 8 چوکے لگائے۔ ویبھو کی اس آتشی بلے بازی کے باعث راجستھان رائلس نے 202 رنوں کے مشکل ہدف کو 18 اوورس میں حاصل کر 6وکٹوں سے آسان جیت درج کی۔
ویبھو سوریہ ونشی کی اننگ دیکھ کر وراٹ کوہلی کافی متاثر ہوئے۔ واضح رہے کہ کل کے میچ میں ویبھو سوریہ ونشی نے بھونیشور کمار اور ہیزل ووڈ جیسے بلے بازوں کو بھی نہیں بخشا۔ 8ویں اوور کی پہلی گیند پر کرنال پانڈیا کی گیند پر وراٹ کوہلی نے ویبھو سوریہ کا شاندار کیچ پکڑا تھا۔ میچ کے بعد وراٹ کوہلی نے ویبھو سوریہ ونشی کی کیپ پر ایک خاص میسج لکھا جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کافی وائرل ہو رہا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’ڈیئر ویبھو، ویل ڈن‘‘۔ راجستھان رائلس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر کیپ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ویبھو سوریہ ونشی رواں آئی پی ایل سیزن میں کھیلے گئے 4 مقابلوں میں 200 رن بنا چکے ہیں اور آرینج کیپ کی فہرست میں پہلے مقام پر ہیں۔ چنئی سپر کنگس کے خلاف کھیلے گئے پہلے میچ میں ویبھو نے 17 گیندوں پر 52 رن کی اننگ کھیلی تھی۔ گجرات ٹائٹنس کے خلاف 18 گیندوں میں 31رن کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔










