سری نگر//وسطی ضلع بڈگام کے وڈون علاقے کے باشندے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ،اوراکیسویں صدی میں بھی یہاں کے لوگ ندی نالوں کاناصاف پانی استعمال کرنے پرمجبورہیں ۔نمائندےکے مطابق وڈون بڈگام کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ضلع میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی غرض سے کئی اسکیموں پر کام شروع کیا، تاہم محکمہ جل شکتی وڈون کے لوگوں کو ابھی تک صاف پانی فراہم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پینے کا صافی پانی میسر نہ ہونے کے سبب مقامی لوگ ندی نالوں کا گندہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کے سبب علاقے کے لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔مقامی لوگوں نے کہا کہ علاقے میں آج تک کئی اسکیموں کے تحت پانی کی پائپ لائن نصب کی گئی تاہم انکے مطابق صرف وڈون کو ہی پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انکے ساتھ اعلیٰ افسران سمیت منتخب نمائندوں نے بھی کئی وعدے کئے تاہم انہیں آج تک وفا نہیں کیا گیا۔وڈون کے باشندوں نے انتظامیہ سے علاقے میں پینے کا صاف پانی مہیا کرانے کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے کی اپیل کی ہے۔










