مَتھُرا/یواین آئی// اتر پردیش کے ضلع مَتھُرا کے وِرِندابن علاقے میں جمنا ندی میں پیش آئے خوفناک کشتی حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن کے تیسرے دن اتوار کو مزید دو لاشیں برآمد ہوئیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہوگئی ہے ۔ انتظامیہ اور بچاؤ دستے اب بھی تین لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ اتوار کی صبح پنجاب کے لدھیانہ کی بی اے کی طالبہ ڈِنکی اور جگراؤں کے رہائشی رِشبھ شرما کی لاشیں نکالی گئیں۔ دونوں لاشیں پانی کی سطح پر آنے کے بعد رَسی کے ذریعے باہر نکالی گئیں۔ اہلِ خانہ نے جذباتی ماحول میں ان کی شناخت کی۔ اس سے قبل ہفتہ کو مانک ٹنڈن نامی نوجوان کی لاش ملی تھی، جس کی شادی ستمبر میں طے تھی۔ بچاؤ کارروائی کو تیز کرتے ہوئے انتظامیہ نے سرچ آپریشن کا دائرہ 14 کلومیٹر سے بڑھا کر 20 کلومیٹر کر دیا ہے ۔ موقع پر فوج، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے تقریباً 250 جوان جدید آلات کے ساتھ تعینات ہیں۔










