Secretary Tourism visited Mansbal, reviewed the facilities

وولر ایک سیاحتی منزل ہے، حکومت اسے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے کی کوششیں کر رہی ہے:سرمد حفیظ

سدرکوٹ/ بانڈی پورہ//یہاں کی مشہور ولر جھیل کے کنارے ثقافت ، موسیقی اور آرٹ کی ایک دن کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ موقعہ ولر وینٹیج پارک میں ولر فیسٹول کا جشن تھا جس میں محکمہ سیاحت جموں وکشمیر کے 75غیر معروف سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کی پہل کا حصہ تھا ۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمدحفیظ نے کہا کہ یہ میلہ جموںوکشمیر کے 75غیر معروف سیاحتی مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے اور ان کی اچھی آمد کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ سیاحت کے اقدام کا حصہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہاں کے میلے کا مقصد بانڈی پورہ بالخصوص ولر جھیل کے سیاحتی امکانات کو روشنی میں لانا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ نے اِس سال کے شروع میں گریز میں تین روزہ فیسٹول کا اِنعقاد کیا تاکہ منزل کی تشہیر کی جاسکے۔سیکرٹری سیاحت نے ولر جھیل کو ایک مکمل سیاحتی مقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اِس جھیل کو شبیہ کو بلند کرنے کے لئے کوشش کر رہا ہے جو کہ ایشیا کی میٹھے پانی کی سب سے بڑی جھیلوں میں سے ایک ہے اور یہاں سیاحوں کی نمایاں آمد کو یقینی بنا یا جارہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ ولر اور اس سے ملحقہ علاقوں کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے جل دہی پرندوں کو دیکھنے کا میلہ منعقد کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے ۔سرمد حفیظ نے کہا کہ اس سے علاقے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا جس سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ میلہ مقامی آبادی کو اَپنے علاقے میں سیاحت کی صلاحیت کے بارے میں جاننے کا موقعہ بھی فراہم کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت نے اس میلے میں ٹور اینڈ ٹریول آپریٹروں کو مد عو کیا ہے جس اس جگہ کی خوبصورتی اور صلاحیت کے بارے میں جانیں گے تاکہ وہ سیاحوں کو پیش کر سکیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے اَپنے خطبہ استقبالیہ میں امید ظاہر کی کہ یہ میلہ بانڈی پورہ ضلع کے سیاحتی امکانات کو فروغ دینے میں بہت اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ ضلع میں سیاحت کی صلاحیت کو اجاگر کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور مختلف پروجیکٹ پائپ لائن میں ہیں جو ضلع میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دیں گے۔ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ عصر حاضر میں سیاح صرف سیرو تفریح نہیں چاہتے ہیں بلکہ ایڈونچر، کھیل وغیرہ سمیت متعدد سرگرمیاں چاہتے ہیں ۔ انہوں نے پودوں اور حیوانات کا خیال رکھتے ہوئے غیر استحصال والے علاقوں میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر زور دیا۔دن بھر جاری رہنے والے فیسٹول میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فیسٹول کے دوران مختلف دلچسپ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے ۔ اس دوران مصوری مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں مختلف سکولوں کے طلاب نے حصہ لیا۔کئی سرکاری محکموں بشمول ہینڈی کرافٹس ، ہینڈ لوم ، این آر ایل ایم ، ماہی پروری ، جنگلات ، زراعت ، باغبانی ، ڈبلیو یو سی ایم اے ، اور سیاحت نے مقامی مصنوعات کی نمائش کے لئے سٹال لگائے تھے۔ معززین نے تمام سٹالوں کا دورہ کیا ۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیئرپرسن عبدالغنی بٹ ، وائس چیئرپرسن کوثر شفیق ، سپر اِنٹنڈنٹ آف پولیس محمد زائد ، محکمہ سیاحت کے سینئر اَفسران ، مختلف ٹریول ٹریڈ باڈیز کے نمائندے ، ضلعی اِنتظامیہ کے اَفسران اور دیگر اعلیٰ اَفسران موجود تھے۔