انڈونیشیا میں جی20 سربراہی کانفرنس کا آغاز ہو چکا ہے جس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سعودی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کانفرنس میں جی20 ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔قبل ازیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کانفرنس ہال میں پہنچنے پر انڈونیشی صدر جوکو ویڈوڈو نے استقبال کیا۔بعدازاں تمام شرکا ہال میں پہنچے جہاں کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں سعودی وفد میں وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر تجارت و قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن الفضلی، وزیر خزانہ محمد الجدعان، وزیر اتصالات و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبد اللہ السواحہ، وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح اور وزیر صحت فہد الجلال شامل ہیں۔ادھر کانفرنس کے ضمن میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی ہے۔اسی طرح ترک صدر رجب طیب اردغان سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون سے بھی ملاقات کی ہے۔










