سری نگر// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے بدھ کے روز اس عزم کا اعادہ کیا کہ ولر جھیل کا تحفظ اور بچائو عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔وزیر موصوف نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ جھیل کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے جامع اقدامات کریں اور اس کے وسائل کے دیرپا اور منصفانہ اِستعمال کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات شیتل نندا، چیف کنزرویٹر آف فارسٹ کشمیر عرفان رسول وانی؛ سی اِی او ڈبلیو یو سی ایم اے منظور قادری، چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی کشمیر نریندر کمار،سپراِنٹنڈنگ اِنجینئروں اور متعلقہ ڈویژنل فارسٹ افسران نے شرکت کی۔جاوید احمد رانا نے ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں آبی ذخائر کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ولر جھیل پانی کی صفائی، سیلاب پر قابو پانے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں نمایاں کردار اَدا کرتی ہے۔ اُنہوں نے جھیل کی طویل مدتی ماحولیاتی صحت کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے جھیل کے اطراف و اکناف خوبصورتی اور لینڈ سکیپ کے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بروقت ٹینڈرنگ اور عمل آوری کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ مختص شدہ فنڈز ضائع نہ ہونے پائیں اور عمل درآمد میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کے خلاف خبردار کیا۔وزیر موصوف نے ناموافق موسمی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے جھیل اور اس کے ماہی گیری علاقوں میں پانی کے معیار کو بہتر بنانے اور فضلے اورسالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو مضبوط کرنے کے لئے اقدامات میں اِضافے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے ماحولیاتی نظام کی آلودگی او رانحطاط کو روکنے کے لئے متعلقہ محکموں اور بلدیاتی اِداروں کے درمیان مربوط کارروائی پر زور دیا۔وزیرجنگلات و ماحولیات نے اَفسران کوولر جھیل کی ماحولیاتی سیاحت کی صلاحیت کا جائزہ لینے اور ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے متعلقہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے دیرپا آمدنی کے ذرائع تلاش کرنے اور مائیگرنٹ پرندوں، مچھلیوں کی اقسام اور دیگر قدرتی وسائل پر سروے کرنے پر بھی زور دیا جو مقامی روزگار کو سہارا دینے والے ہیں۔
وزیر جاوید رانا نے ولر جھیل کومائیگرنٹ پرندوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ قرار دیتے ہوئے غیر قانونی شکار کے خلاف سخت نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے حکام کو پرندوں کی ہجرت پر تفصیلی مطالعہ کرنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے ساتھ ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اَقدامات کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں جھیل کی ہائیڈرولوجی کو بہتر بنانے کے لئے ڈِی سلٹیشن اور ڈریجنگ آپریشنوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیرموصوف نے سیلاب کی شدت میں کمی اور پانی کے تحفظ میں جھیل کے کردار کو مضبوط بنانے کے لئے پانی ذخیرۂ کرنے کی صلاحیت بڑھانے پر زور دیا۔اُنہوں نے ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل در آمد پر زور دیتے ہوئے تجاوزات اور آلودگی کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ میٹنگ میںعملے اور اِنتظامی اَمور سے متعلق مسائل پر بھی تبادلۂ خیال ہوا جس پر وزیرموصوف نے یقین دِلایا کہ فیلڈ ایجنسیوں کے جائز مسائل کو حل کیا جائے گا۔










