pension

وقف بورڈ سبکدوش ملازمین کا پنشن کہاں؟

ملازمین نے 2برسوں سے کیسوں کو التواء میں رکھنے پر کیا برہمی کا اظہار

سرینگر// جموں کشمیروقف بورڈ کے سبکدوش ملازمین نے پنشن مرعات کی عدم واگزاری پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر بھر ملی ادارے کی خدمت کرنے کے بعد ان کے اہل و عیال کو ایام پیری میں تن و تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔ جموں کشمیر وقف بورڈ کے سبکدوش ملازمین کے ایک وفد نے بتایا کہ گزشتہ2برسوں کے دوران اس ملی ادارے سے جو بھی ملازمین سبکدوش ہوئے انکے پنشن مرعات کو ابھی تک واگزار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ55ملازمین میں سے صرف11ملازمین کو ہی پنشن مرعات فراہم کئے گئے اور باقی ماندہ کے پنشن کیسوں کو سرد خانے کی نذر کردیا گیا۔سبکدوش ملازمین کے اس وفد نے جذباتی انداز میں کہا کہ انہوں نے پوری عمر سخت ترین حالات کے دوران وقف جائیداد کی حفاظت کی،تاہم جب وہ پیری کی عمر کو پہنچے تو اس ملی ادارے کی انتظامیہ نے انہیں دھر دھر ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیا۔ وفد نے کہا’’ کہیں ایک ملازمین کی بچیاں شادی کی عمر کو پہنچ چکی ہے،اور انہوں نے پنشن رقومات سے اپنی بچیوں کی شادی کرنے کا منصوبہ بنایا تھا،تاہم پنشن کیس التواء￿ میں رہنے کی وجہ سے انکی بچیاں بھی بن بہاہی رہ گئیں‘‘۔ ان سبکدوش ملازمین کا کہنا تھا کہ ایک ریتائر ملازمین مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں اور ان کے پاس ادویات خریدنے کیلئے بھی رقومات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی چیئرپرسن نے بھی انہیں یقین دہانیاں دی تھیں کہ ان کے کیسوں کو جلد نپٹا یا جائے گا تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی بھی پیش رفت نہیں ہوئی۔انہوں نے لیفٹنٹ گورنر اور چیف سیکریٹری سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی۔