وفود نے جاوید رانا سے ملاقات کی ، عوامی خدمات سے متعلق مسائل اجاگر کئے

وفود نے جاوید رانا سے ملاقات کی ، عوامی خدمات سے متعلق مسائل اجاگر کئے

سرینگر//آج متعدد وفود اور افراد نے سرینگر میں وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا سے ملاقات کی اور انہیں مختلف عوامی خدمات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے ازالے کی اپیل کی ۔ آل جموں و کشمیر نان گزٹیڈ فارسٹ آفیسرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے وزیر موصوف کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کیا جس میں اہم مسائل بشمول باقی ماندہ کلاس IV جنگلات ملازمین کی دوبارہ نامزدگی ، جنگلات کے فیلڈ سٹاف کو درپیش تنخواہ کی بے ضابطگیوں کا ازالہ اور دیگر سروس سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا گیا ۔ ایک اور وفد جو کہ سابقہ آئی ڈبلیو ڈی پی ۔ ہلز جموں و کشمیر کے ملازمین کی نمائندگی کر رہا تھا ، نے اپنی باقی ماندہ شکایات کے تصفیے سے متعلق مسائل اٹھائے اور ان کے جلد حل کیلئے مداخلت کی درخواست کی ۔ کئی دیگر وفود اور افراد نے بھی وزیر سے ملاقات کی اور ان کے سامنے عوامی مسائل جن میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی ضرورت ، دور دراز علاقوں میں بہتر سڑک رابطہ ، پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانا اور فارسٹ رائٹس ایکٹ کے تحت زیر التواء دعوؤں کا جلد تصفیہ شامل ہے ۔ وزیر نے تمام وفود کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے دوہرایا کہ عوامی شکایات کا ازالہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بتایا کہ متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کی جا چکی ہیں تا کہ فوری اور موثر کارروائی یقینی بنائی جائے ۔