وفاقی حکومت کا عوام کو قسطوں پر موبائل فونز دینے کا منصوبہ

وفاقی حکومت نے ملک بھر کے افراد کو آسان اور ماہانہ اقساط پر اسمارٹ فونز دینے کے منصوبے کا آغاز کردیا۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر سید امین الحق نے دارالحکومت اسلام آباد میں ’اسمارٹ فون فار آل‘ منصوبے کی افتتاحی تقریب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کم آمدنی والے افراد کو آسان اقساط پر موبائل فونز فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر کے مطابق منصوبے کے تحت پورے ملک میں لوگوں کو اسمارٹ فونز قسطوں پر فراہم کیے جائیں گے اور اس کے لیے سینٹرز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ موبائل فونز لینے والے افراد کو 20 ہزار سے ایک لاکھ روپے مالیت کے فونز قسطوں پر دیے جائیں گے اور ان کی قسطیں تین سے 12 ماہ تک ہوں گی۔ان کے مطابق لوگ 20 سے 30 فیصد ایڈوانس ادائیگی کرکے اپنے شناختی کارڈز پر موبائل فونز حاصل کر سکیں گے۔سید امین الحق کا کہنا تھا کہ موبائل فونز لینے کے بعد جو افراد ماہانہ قسطیں ادا نہیں کریں گے ان کے فونز کو لاک کردیا جائے گا اور وہ فون پاکستان سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں لاک ہونے کے بعد کھل نہیں سکیں گے۔وفاقی وزیر کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ موبائل فونز لینے والے افراد ماہانہ اقساط بھی ادا کریں۔ساتھ ہی انہوں نے ملک میں انٹرنیٹ کی وسعت کو بھی بڑھانے کے منصوبوں سے متعلق معلومات دی اور بتایا کہ حکومت کا حدف ہے کہ ملک کی تقریبا تمام آبادی کے پاس تیز انٹرنیٹ کے ساتھ اسمارٹ فون ہو۔ان کے مطابق ان کی خصوصی دلچسپی کے باعث ہی گزشتہ چند سال میں پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب پاکستان میں 29 کمپنیاں موبائل تیار کر رہی ہیں۔وفاقی وزیر سید امین الحق کا کہنا تھا کہ اب پاکستان میں پہلے کے مقابلے بہتر براڈ بینڈ انٹرنیٹ دستیاب ہے مگر اس میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے لوگوں کو قسطوں پر موبائل فونز دینے کے منصوبے پر جہاں عوام نے حکومت کی تعریفیں کیں، وہیں بعض افراد نے اس پر مزاحیہ تبصرے اور میمز بھی شیئر کیں۔