حکومت موجودہ ڈِگری کالجوں میں بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن او ر فیکلٹی کی ضروریات پرتوجہ مرکوز کر رہی ہے۔ وزیر تعلیم

وزیر کا میونسپل حدود میں تعمیراتِ کیلئے این او سی کے بروقت جاری کرنے پر زور

جموں//حکومت نے ایوان کوبتایا کہ جموں و کشمیر کے میونسپل علاقوں میں تعمیرات کے خواہشمند اَفراد کو این او سی جاری کرنے کے عمل کو آسان بنایا جائے گا۔وزیر برائے سماجی بہبود سکینہ اِیتو نے یہ بات آج ایوان میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے رُکن اسمبلی سجاد غنی لون کے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ اُنہوںنے کہا کہ میونسپل ایکٹ 2000 کی دفعہ 203 اور جے اینڈ کے یونیفائیڈ بلڈنگ بائی لاز 2021 کے مطابق کسی بھی شخص کو متعلقہ شہری بلدیاتی اِداروں (یو ایل بیز) کے دائرہ اِختیار میں بلدیہ کی منظوری کے بغیر کسی عمارت کی تعمیر، از سرِ نو تعمیر یا اس میں کوئی نمایاں تبدیلی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ یو بی بی ایل کی شق 2.18 کے تحت مختلف محکموں بشمول ٹاؤن پلاننگ آرگنائزیشن سے این او سی حاصل کرنا ضروری ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ ٹاؤن پلاننگ آرگنائزیشن کشمیر میں کل تین ٹاؤن پلانرز تعینات ہیں جبکہ کشمیر میں موجود مقامی بلدیاتی اداروں کی تعداد 40 یو ایل بیز ہے (جن میں 10 میونسپل کونسلز اور 30 میونسپل کمیٹیاں شامل ہیں)۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹاؤن پلاننگ آرگنائزیشن کو از سرِ نو منظم کیا گیا ہے تاکہ ہر قصبے کے لئے ماسٹر پلان کی تیاری اور عمل درآمد میں مدد کے لئے ڈِسٹرکت کیڈر تشکیل دیا جا سکے۔وزیر سکینہ اِیتو نے مختلف ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ این او سی جاری کرنے میں تاخیر کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ دفاتر کو ہدایات جاری کی جائیں گی وہ این او سی مقررہ وقت میں جاری کرنے کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی تمام تجاویز کو مدنظر رکھا جائے گا اور اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اِس ضمن میں ارکان اسمبلی سیف الدین بٹ اور اِرشاد رسول کارا نے ضمنی سوالات اُٹھائے۔