rajnath singh

وزیر دفا ع راجناتھ سنگھ آج ادھم پور جموں میں شمالی کمان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے

کمانڈ ہسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح کریں گے ، دیگر کچھ اہم پہلوئوں پر بھی بات چیت کا امکان

سرینگر// وزیر دفا ع راجناتھ سنگھ آج یعنی 24 فروری کو ادھم پور میں شمالی کمان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے جس کے دوران وہ کمانڈ ہسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح کریں گے ۔ دورے کے دوران راجناتھ سنگھ فوج اور سیول انتظامیہ کے افسران کے ساتھ جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ بھی لیں گے ۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج یعنی سنیچروار کو ادھم پور میں شمالی کمان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے جس کے دوران وہ کمانڈ ہسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح کریں گے اور اعلیٰ فوج کے ساتھ موجودہ صورتحال پر بات چیت کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ راجناتھ سنگھ آج ادھم پور میں ناردرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر کا ایک روزہ دورہ کریں گے اور جموں خطے میں وزیر دفاع کا کوئی پروگرام طے نہیں ہے۔ادھر راجناتھ سنگھ کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور سڑک ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری کے بھی مارچ اپریل میں جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔وزیر دفاع ناردرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر میں کمانڈ ہسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے والے ہیں جس کے بعد وہ فوجی افسران اور جوانوں سے خطاب کریں گے۔کمانڈ ہسپتال کافی عرصے سے فوجی جوانوں کا علاج کر رہا ہے اور اب نئی عمارت کے افتتاح کے بعد ان کی بہتر خدمت کر سکے گا۔امکان ہے کہ وزیر دفاع شمالی کمان کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں کے ساتھ بات چیت کریں گے تاکہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی صورتحال بالخصوص وادی اور پاکستان کے ساتھ لائن آف کنٹرول کے علاوہ مشرقی چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر تفصیلی بریفنگ لیں۔ دو ماہ سے بھی کم عرصے میں راجناتھ سنگھ کا جموں خطے کا یہ دوسرا اور تقریباً پانچ ماہ میں تیسرا دورہ ہوگا۔انہوں نے 27 دسمبر کو سرحدی ضلع راجوری کا دورہ پونچھ ضلع کی تحصیل سورنکوٹ میں ڈیرہ کی گلی میں دہشت گردانہ حملے کے تقریباً ایک ہفتہ بعد کیا تھا جس میں پانچ فوجی اہلکار مارے گئے اور اس کے بعد تین شہریوں کی پراسرار ہلاکت ہوئی تھی۔ انہوں نے حملے اور شہریوں کی ہلاکتوں کے بعد سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے گزشتہ سال 11 ستمبر کو جموں میں نارتھ ٹیک سمپوزیم میں بھی شرکت کی تھی۔