جموں//وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود، سائنس و ٹیکنالوجی ،خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ ، آئی ٹی ، اے آر آرئی اور ٹریننگز ستیش شرما نے آج جموں کے اِنڈور سپورٹس کمپلیکس ایم اے سٹیڈیم میں ’’ یونیکس ۔ سن رائز 36ویں جونیئر ( اَنڈر ۔13) نیشنل بیڈ منٹن چمپئن شپ ۔2024کا اِفتتاح کیا۔چمپئن شپ کا اِنعقاد جموںوکشمیر کی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن نے بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف اِنڈیا کے زیر اہتمام جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کے اِشتراک سے کیا ہے۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی چندر پرکاش گنگا مہمان خصوصی تھے جو جموں و کشمیر بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کے مختلف شعبوں میں منعقد ہونے والے کھیل نوجوانوں کو صحت مند اور فعال طرزِ زندگی اَپنانے کی ترغیب دیتے ہیں اور ان کی شخصیت کی مجموعی ترقی میں اپنا رول ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموںوکشمیریو ٹی میں نوجوان ٹیلنٹ اور مضبوط کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔اُنہوں نے کھیلوں کے حقیقی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ صرف مستحق کھلاڑیوں کی مدد کی جائے گی۔ستیش شرما نے اُمید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی دُور اندیش قیادت میں جموں و کشمیر میں تمام جدید سہولیات کے ساتھ ترقی یافتہ سپورٹس کلچر کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔اُنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے والدین، کوچوں اور سپورٹس اَساتذہ کا شکریہ ادا کیا جو اس طرح کے کھیل مقابلوں کی کامیابی میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ستیش شرما نے 36 ویں سب جونیئر (اَنڈر 13) قومی بیڈمنٹن چمپئن شپ 2024 کے کامیاب اِنعقاد کے لئے جموں و کشمیر کی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کی ستائش کی۔ اُنہوں نے یوٹی کی کھیلوں کی صلاحیتوںکو پروان چڑھانے اور قیادت ، نظم و ضبط اور اِستقامت کی اقدار کو اُبھارنے میں سپورٹس کونسل کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔یہ مقابلہ 27 ؍نومبر سے 30 ؍نومبر 2024 ء تک جاری رہے گا۔ 31 ریاستوں اور یوٹیز کے تقریباً 400 کھلاڑی اور اہلکار اس بڑے ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ حصہ لینے والی ٹیموں اور آفیشلزکو مفت رہائش، ٹرانسپورٹ اور کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔چمپئن شپ کا اِنعقاد ایم اے سٹیڈیم میں پولیس لائنز بیڈمنٹن ہال اور اِنڈور سپورٹس کمپلیکس سمیت دو مقامات پر کیا گیا ہے۔










