handwara

وزیر اعلیٰ نے ہندواڑہ حادثے پر دُکھ کا اظہار کیا

مشیر ناصر اسلم وانی اور وزیر جاوید ڈار کو ہسپتال کا دورہ کرنے کی ہدایت

سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے صبح ہندواڑہ کے قریب المناک سڑک حادثے پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا جس میں گورنمنٹ ڈگری کالج ( جی ڈی سی ) سوگام کے دو طلباء کی موت واقع ہو گئی ۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’’ اس بدقسمت واقعے میں دو نوجوانوں ، ذہین طلباء کی جان چلی گئی جو ہم سب کیلئے ایک المیہ ہے غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں سے میری دلی تعزیت ۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کرتا ہوں ۔ ہم صورتحال پر قریبی نگرانی کر رہے ہیں اور تمام ضروری امداد کو یقینی بنا رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور وزیر جاوید احمد ڈار زخمی طلباء کے علاج کی نگرانی کیلئے ہندواڑہ ہسپتال گئے ۔ مشیر اور وزیر نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کے ساتھ بات چیت کی جس میں ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ مریضوں کی بازیابی کی معیاری نگہداشت اور قریبی نگرانی کو یقینی بنائیں ۔ اس سے قبل مشیر وانی نے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر کا بھی دورہ کیا جہاں کچھ زخمی طلباء کو خصوصی علاج کیلئے منتقل کیا گیا تھا ۔ انہوں نے طبی انتظامات کا جائیزہ لیا ، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد سے بات کی اور بلا تعطل اور موثر طبی امداد کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس کے بعد وزیر اور مشیر نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے ہلاک ہونے والے طلباء کے اہلِ خانہ کیلئے ایک/ایک لاکھ روپے اور زخمی ہونے والے طلباء کیلئے 25 /25 ہزار روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔