سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے’اِستعمال شدہ واٹر مینجمنٹ پروجیکٹ‘ کی منظوری دی ہے جس کے لئے 19.99 کروڑ روپے کا مخصوص فنڈ مختص کیا گیا ہے جس میں گاندر بل ٹاؤن کے لئے ایک جدید سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) کا قیام بھی شامل ہے۔وزیر اعلیٰ جن کے پاس مکانات شہری ترقی محکمہ کا قلمدان بھی ہے ، نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد اِستعمال شدہ پانی کا سائنسی ٹریٹمنٹ یقینی بنانا ہے تاکہ دریاؤں کا تحفظ کیا جا سکے، ماحول کی حفاظت کی جا سکے اور علاقے میں عوامی صحت اور صفائی ستھرائی میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔یہ منصوبہ ’سوچھ بھارت مشن (اربن) 2.0‘ کے تحت شامل ہے اور اسے جدید تکنیکی معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ہے تاکہ دیرپا بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جا سکے اور شہری علاقوں میں گرے پانی کو دوبارہ استعمال کرنے یا اس کے محفوظ ٹھکانے کو یقینی بنانے کی صورت میں اسے بہتر بنایا جا سکے۔










