اضافی 50 دن روزگار کی حمایت پر شو راج چوہان کا شکریہ ادا کیا
جموں//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی مسٹرشو راج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جموں و کشمیر کیلئے ایم جی نریگا کے تحت کام کی حد بڑھا دی ، ان کا کہنا تھا کہ یہ بہتر حمایت کمزور کمیونٹیز کو معاشی پریشانی پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر برائے دیہی ترقی و پنچائتی راج مسٹر جاوید احمد ڈار اور ان کی ٹیم کو بھی مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے وزارت دیہی ترقی حکومت ہند کو کامیابی کے ساتھ قائل کیا کہ جموں و کشمیر میں قدرتی آفات سے متاثرہ دیہی علاقوں کیلئے ایم جی نریگا کے تحت مزید 50 دن کا روز گار منظور کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ اہم فیصلہ حالیہ سیلابوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ ہزاروں خاندانوں کی مدد کرے گا ، انہیں بہتر روز گار کے مواقع اور بروقت ریلیف فراہم کرے گا ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کو فوری امداد دینے پر حکومت ہند کے تئیں بھی اپنی قدر دانی کا اظہار کیا ۔ مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں متاثرہ خاندانوں کیلئے مالی سال 2025-26 کیلئے ایم جی نریگا کے کام کی حد کو باضابطہ طور پر 100 دن سے بڑھا کر 150 دن کر دیا ہے ۔ یہ فیصلہ یو ٹی انتظامیہ کی طرف سے خصوصی ریلیف کی درخواست کے بعد کیا گیا ہے جس میں 1962 پنچائتوں کو سیلاب سے متاثرہ قرار دیا گیا تھا تا کہ زرعی سرگرمیوں اور دیہی روز گار پر پڑنے والے منفی اثرات کا مقابلہ کیا جا سکے ۔ محکمہ زراعت و کسان بہبود نے اس توسیع کی سفارش کی تھی جس سے سب سے زیادہ کمزور خاندانوں کو براہ راست فائدہ ہو گا ۔ اس سے مستحکم آمدنی پیدا ہو گی ، معاشی مشکلات میں کمی آئے گی اور پائیدار کمیونٹی اثاثوں کی تخلیق ممکن ہو سکے گی ۔ اضافی روز گار کی یہ سپورٹ نئے منیجمنٹ پروٹو کولز اور نریگا سافٹ یعنی قومی ایم آئی ایس سسٹم کے ذریعے بہتر نگرانی کے ساتھ نافذ کی جائے گی جسے اضافی کام کے دنوں کو ریکارڈ کرنے کیلئے اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے ۔










