وزیر اعلیٰ نے سکاسٹ کشمیر میں گون گُل 2026 کا افتتاح کیا
سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائینسز اینڈ ٹیکنالوجی آف کشمیر ( سکاسٹ کشمیر ) کے شالیمار کیمپس میں 11 ویں ایگری ٹیک میلہ گون گُل 2026 کا افتتاح کیا ۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ وزراء سکینہ ایتو ، جاوید احمد ڈار ، وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر ، پرنسپل جی ایم سی سرینگر ، ڈائریکٹر ایکسٹینشن ایجوکیشن سکاسٹ کشمیر ، یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران ، سائنسدان اور ماہرین نے افتتاحی سیشن میں شرکت کی ۔ اس موقع پر کشمیر سے مختلف علاقوں سے کاشتکاروں ، ترقی پسند کسانوں اور ایگری انٹر پرنیورز کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ یہ ایونٹ زراعت میں آمدنی ، پیداواریت اور پائیداری کو بڑھانے کے مقصد دسے منعقد کیا گیا تھا ۔ تین روزہ ایگری ٹیک میلہ کے افتتاح کے بعد وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی کیمپس میںایگری پرنیورز ، ابھرتے اور قائم شدہ اسٹارٹ اپس کی طرف سے لگائے گئے 100 سے زائد اسٹالز کا معائینہ کیا ، جہاں زرعی ٹیکنالوجیز کی وسیع رینج کی نمائش کی گئی تھی ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سٹال مالکان سے بات چیت کی اور ان کی پیداوار ، اسٹارٹ اپس ، انٹر پرائیزز اور ٹیکنالوجیکل مداخلتوں کے بارے میں دریافت کیا ۔ ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ترقی پسند کسانوں ، کاشتکاروں ، زرعی سائینسدانوں ، فیکلٹی ممبران اور محققین کی جانب سے جموں و کشمیر کے زرعی منظر نامے کو بدلنے میں کئے گئے نمایاں کردار اور شراکت کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مسلسل کاوشیں خطے میں زراعت کے مستقبل کو تشکیل دے رہی ہیں اور حکومت کے مختلف پروگراموں کے تحت جدت ، جدیدیت اور معاشی ترقی کو فروغ دے رہی ہیں ۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کیلئے جموں و کشمیر کو اپنی مقامی زرعی پیداوار کے معیار اور مقدار دونوں کو بہتر بنانا ہو گا ۔ وزیر اعلیٰ نے سکاسٹ کشمیر اور سکاسٹ جموں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان یونیورسٹیوں نے زراعت اور باغبانی کو آگے بڑھانے میں قابل ذکر سنگ میل حاصل کئے ہیں اور تحقیق ، جدت اور فیلڈ آؤٹ ریچ کے ذریعے مقامی کسانوں کی حمایت اور بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی اور نامیاتی کاشتکاری کے حل دیہی معیشیت کو فروغ دینے کیلئے ضروری پیشگی شرائط ہیں ۔ انہوں نے جدید زرعی طریقوں کو اپنانے ، ویلیو ایڈیشن ، برانڈنگ اور مارکیٹ لنکیج حکمت عملیوں کی اہمیت پر زور دیا تا کہ کسانوں کو بہتر منافع حاصل ہو سکے ۔ یہ تین روزہ میگا ایونٹ جس کا تھیم ’’NextGen Agriculture : My Produce – My Price ‘‘ ہے ، جدید زرعی جدتوں ، پائیدار کاشتکاری طریقوں اور زراعت کے شعبے میں ابھرتے ہوئے انٹر پرینیوریل مواقع کو پیش کر رہا ہے ۔ ایگری ٹیک میلہ اگلے تین دنوں میں پیش رفت پسند کسانوں ، سٹارٹ اپس ، ایگری بزنس فرموں ، محققین اور طلباء کی شرکت کا گواہ بننے کی توقع ہے ۔










