وزیر اعلیٰ نے ٹنگمرگ میں 35.67 کروڑ روپے کی واٹر سپلائی اسکیموں کا افتتاح کیا

ہر گھر کیلئے صاف پینے کا پانی اور ہر گاؤں میں ترقی ہماری ترجیح ہے ۔ عمر عبداللہ

ٹنگمرگ //وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے ٹنگمرگ میں جل شکتی ڈیپارٹمنٹ کی پانچ بڑی واٹر سپلائی اسکیموں کا افتتاح کیا اور انہیں عوام کیلئے وقف کیا ، یہ وعدہ کرتے ہوئے کہ یہ اسکیمیں گلمرگ ۔ ٹنگمرگ اسمبلی حلقے کی وسیع تبدیلی کا صرف آغاز ہیں ۔ 35.67 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی یہ اسکیمیں 40 بستیوں کو جدید ریپڈ سینڈ فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے صاف پینے کا پانی فراہم کریں گی ، جو 5473 گھرانوں اور 32838 کی آبادی والے 10000 سے زائد خاندانوں کو کوور کریں گی ۔ آج جن پروجیکٹس کا افتتاح کیا گیا ان میں لال پورہ ، چچلورہ ، کرال پورہ ، فیروز پورہ شرائی اور کشی پورہ واٹر سپلائی اسکیمیں شامل ہیں ، جو جل جیون مشن کے تحت پی ایچ ای ( کشمیر ایف بی آئی ڈویژن ٹنگمرگ ) نے مکمل کی ہیں ۔ افتتاح کے بعد ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صاف پینے کے پانی تک رسائی کو یقینی بنانا کوئی احسان نہیں بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم صرف آپ کے اعتماد کا بدلہ دے رہے ہیں ۔ یہ اسکیمیں اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ خاندانوں کو اب دریاؤں اور کنوؤں کے گندھے پانی پر انحصار نہ کرنا پڑے بلکہ اب انہیں گھر کے دروازے پر صاف ، فلٹر کیا ہوا پانی ملے گا ۔ لیکن اس سہولت کے ساتھ ایک ذمہ داری بھی آتی ہے کہ پانی کو دانشمندی سے استعمال کیا جائے اور مستقبل کیلئے اسے محفوظ کیا جائے ۔ غیر متوقع موسمی حالات کی وجہ سے ہونے والی مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر عمر عبداللہ نے کہا کہ کشمیر نے ایک سال کے اندر خشک سالی جیسے حالات اور تباہ کُن سیلاب دونوں کا مشاہدہ کیا ہے ۔ انہوں نے آنے والی نسلوں کیلئے وسائل کے تحفظ کیلئے بارش کے پانی کو جمع کرنے اور بہتر واٹر منیجمنٹ کی ضرورت پر زور دیا ۔ حالیہ سیلاب سے ہونے والے بڑے پیمانے پر نقصانات کا حوالہ دیتے ہوئے جن میں 330 پلوں ، 1500 کلو میٹر سڑکوں ، گھروں ، زرعی زمینوں اور عوامی ڈھانچے کا نقصان شامل ہے ، وزیر اعلیٰ نے جل شکتی محکمہ کے انجینئرز اور عملے کی ان مشکل حالات کے باوجود اسکیموں کو مکمل کرنے پر تعریف کی ۔ انہوں نے عہدیداروں کی لگن کیلئے انہیں مبارکباد دی ۔ وزیر اعلیٰ نے عوام کو یہ بھی یقین دلایا کہ ان کی حکومت واٹر سپلائی پروجیکٹس تک محدود نہیں رہے گی بلکہ خطے میں سڑکوں ، صحت کی دیکھ بھال ، تعلیم اور روز گار کے مواقع کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ مسٹر عمر عبداللہ نے جامع ترقی کے اپنے وعدے کی توثیق کرتے ہوئے کہا ’’ یہ 35 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری صرف آغاز ہے ۔ اگلے چار برسوں میں ہم گلمرگ ۔ ٹنگمرگ حلقے کا نقشہ بدل دیں گے ۔ کوئی گاؤں ایسا نہیں ہو گا جہاں ترقی نہ پہنچے ، کوئی گھر ایسا نہیں ہو گا جہاں خوشحالی دستک نہ دے ۔ ‘‘ مسٹر عمر عبداللہ نے علاقے سے اپنے گہرے ذاتی تعلق کا اظہار کرتے ہوئے اپنی خاندانی جڑوں کو ٹنگمرگ اور گلمرگ سے جوڑا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دادی کے خاندان نے سب سے پہلے گلمرگ کو عالمی سیاحت کے نقشے پر متعارف کرایا تھا اور انہوں نے عہد کیا کہ سیلاب اور پابندیوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی بھرپائی کر کے علاقے کی سیاحتی صلاحیت کو بحال کیا جائے گا ۔ وزیر برائے جل شکتی مسٹر جاوید احمد رانا ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور ایم ایل اے گلمرگ پیر زادہ فاروق احمد شاہ نے بھی اجتماع سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر سینئر افسران بشمول مشن ڈائریکٹر جل جیون مشن ، چیف انجینئر جل شکتی کشمیر ، سپرنٹنڈنٹ انجینئر ، اے ای ای ٹنگمرگ ، انجینئرز ، عملہ اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے ۔