منصوبہ بند اور اسٹریٹجک مارکیٹنگ و پروموشنل مہمات پر زور دیا
جموں//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے سیاحت کے محکمہ کی جانب سے سیاحت کے فروغ اور تشہیر کی سرگرمیوں کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس کا بنیادی مقصد جموں و کشمیر کی عالمی سطح پر زیادہ سے زیادہ نمائش اور سیاحوں کی دلچسپی کو بڑھا کر جموں و کشمیر کی سیاحت کے پروفائل کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ وہ بہتر منصوبہ بندی ، موثر نفاذ اور بہتر رابطہ کاری کو یقینی بنانے کیلئے سالانہ ایونٹس کا ایک پیشگی کلینڈر تیار کرے ۔ انہوں نے قومی اور بین الاقوامی ٹریول مارٹس میں اعلیٰ معیار کے معنی خیز ڈیزائن اور موثر پیش کش پر زور دیا اور ہدایت دی کہ تمام سٹالز اور پروموشنل مواد جموں و کشمیر کی سیاحت کی حقیقی طاقت اور صلاحیت کی عکاسی ضرور کریں ۔ مرکوز پروموشنل حکمت عملی کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاحت کی تشہیر اور اشتہارات کو جے پور ، ادھت پور اور گوا جیسے شہروں کے ان ہوائی اڈوں پر مرکوز کیا جائے جہاں سیاحوں کی آمدورفت زیادہ ہوتی ہے ۔ انہوں نے محکمہ کو ہدایت دی کہ ملک کے وہ دس بڑے ہوائی اڈے شناخت کئے جائیں جہاں سیاحوں کی سب سے زیادہ آمدورفت ہو اور ان مقامات پر متمرکز اشتہاری اور مارکیٹنگ مہمات چلائی جائیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کشمیر میں میراتھن کیلئے جلد از جلد تاریخوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی اور مقامی اور قومی سطح کے رنرز و شوقین افراد کی شرکت کو فروغ دینے کیلئے وسیع پیمانے پر انعامی تقسیم کا نظام رکھنے پر زور دیا تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں حصہ لیں ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ دہلی اور ممبئی میراتھن کی طرز پر کشمیر میراتھن کیلئے ایک ٹائٹل سپانسر کی تلاش کی جائے ۔ انہوں نے مزید تجویز پیش کی کہ موسم بہار میں ’’ ٹیو لپ رن ‘‘ اور خزاں کے موسم میں ’’ کرسانتھیمم رن ‘‘ جیسے تھیم والے مختصر فاصلے کے رن متعارف کرائے جائیں ۔ انہوں نے ٹریول مارٹ سٹالز پر ورچوئل ریئلٹی ( وی آر ) ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا اور کہا کہ منزلوں کے عمیق ڈیجیٹل واک تھرو سے ممکنہ سیاحوں میں زیادہ دلچسپی پیدا ہو گی اور ان کے ذہنوں میں مضبوط یاداشت قائم ہو گی ۔ اس سے قبل محکمہ سیاحت نے 2025 کے دوران کئے گئے تشہیری و فروغ کے اقدامات پر پرذنٹیشن دی جس میں جموں و کشمیر کو دنیا بھر میں ایک لیڈنگ آل سیزن سیاحتی مقام کے طور پر پیش کرنے کی کثیر الجہتی حکمت عملی کو اجاگر کیا گیا ۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن ، ڈائریکٹر ز ٹورازم کشمیر و جموں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔










