عوامی نمائندوں کے ساتھ پری بجٹ میٹنگ کا مقصد عوامی خواہشات کو سمجھ کر بجٹ کو شہریوں پر مرکوز بنانا ہے
سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے آنے والے بجٹ سیشن سے پہلے پری بجٹ مشاورت کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے سول سیکرٹریٹ میں سرینگر ، بڈگام اور گاندر بل اضلاع کے اسمبلی اراکین کے ساتھ ایک جامع میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں وزیر جاوید احمد ڈار ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، پرنسپل سیکرٹری فائنانس ، متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ گفتگو کے دوران سرینگر کے اراکین اسمبلی نے بجٹ 2026-27 میں ترجیحی ترقیاتی منصوبوں اور اہم عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کیلئے بڑھے ہوئے بجٹ مختصات کا مطالبہ کیا ، کیونکہ سرینگر کو صوبائی دارالحکومت ( سمر کیپٹل ) کی حیثیت حاصل ہے ۔ اراکین اسمبلی علی محمد ساگر ، مبارک گُل ، شمیم فردوس ، تنویر صادق ، شیخ احسن احمد ( پردیسی ) ، سلمان علی ساگر اور مشتاق احمد گرو نے اپنے حلقوں کے مخصوص ترقیاتی منصوبے پیش کئے اور انفراسٹرکچر کی ترقی اور مجموعی عوامی فلاح سے متعلق مسائل اٹھائے ۔ ایک وسیع رینج کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں سماجی بہبود سکیموں کے تحت مالی امداد میں اضافہ ، معاشی طور پر کمزور طبقات کیلئے ہاوسنگ ، دستکاری اور ہینڈ لوم کاریگروں کی فلاح ، سڑکوں کی توسیع کے منصوبے ، سرینگر اور جموں شہروں کیلئے خصوصی کیپیٹل سٹی فنڈ کی مختصات ، ٹریفک کی بھیڑ کم کرنے کے اقدامات ، پارکنگ سلاٹس کی ترقی ، سونر کول اور کٹ کول کی خوبصورتی ، کمیونٹی ہالوں کی تعمیر ، پانی کے ذخائیر کی بحالی ، کھیلوں کے انفراسٹرکچر میں بہتری ، ورٹیکل ہاوسنگ منصوبے ، ڈل جھیل ، انچر جھیل ، خوشحال سر اور گل سر کے اندرونی حصوں کی بحالی ، موثر ڈرنیج سسٹم کی ترقی شامل ہیں ۔ اراکین اسمبلی نے آچن لینڈ فل سائٹ پر سائنسی فضلہ منیجمنٹ کی ضرورت پر زور دیا تا کہ بدبو اور ماحولیاتی خطرات سے نمٹا جا سکے ۔ پینے کے پانی کے معیار سے متعلق خدشات ، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی اپ گریڈیشن ، اندرونی سڑکوں کی توسیع اور ٹریفک کی رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا ۔ ایم ایل ایز نے مزید زور دیا کہ سرینگر کے نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور سالانہ بجٹ میں اس کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں ۔ اسی طرح بڈگام کے ایم ایل ایز علی محمد ڈار ، ڈاکٹر شفیع احمد وانی ، سیف الدین بٹ اور آغا منتظر اور کنگن کے ایم ایل ایے میاں مہر علی نے اپنے حلقوں سے متعلق ترقیاتی ضروریات اور عوامی فلاح و بہبود کے مسائل کو نمایاں کیا ۔ وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ خود جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں گاندر بل حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے قانون سازوں کو یقین دلایا کہ ان کے حلقوں کیلئے شناخت کردہ ترجیحات کے ساتھ ساتھ مجموعی عوامی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کو آئندہ بجٹ میں مناسب طور پر غور کیا جائے گا اور شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی نمائندوں کے ساتھ پری بجٹ مشاورت عوامی خواہشات کو سمجھنے اور انہیں بجٹ 2026-27 میں شامل کرنے کیلئے انتہائی اہم ہے جس کا مقصد اسے زیادہ عوام دوست اور شہریوں پر مرکوز بنانا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے قانون سازوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جاری ترقیاتی کاموں کی قریب سے نگرانی کریں تا کہ معیاری عمل درآمد اور خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے انہیں ہدایت دی کہ کشمیر ویلی میں حالیہ تیز ہواؤں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات پر تشخیص رپورٹس جمع کرائی جائیں ۔










