وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر میں ابھرتے ہوئے سیاحتی مقامات کی ترقی پر جائیزہ اجلاس کی صدارت کی

سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں ابھرتے ہوئے سیاحتی مقامات کی ترقی کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، چیف سیکرٹری ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ٹورازم ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی ، ڈائریکٹر ٹورازم جموں اور دیگر دیگر متعلقہ افسران نے ذاتی طور پر اور ورچوئل موڈ کے ذریعے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے شناخت شدہ مقامات کیلئے سائٹ کی مخصوص سیاحت کی ترقی شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اور ہر مقام کیلئے ماسٹر پلان پر توجہ دی ۔ انہوں نے ماحولیاتی طور پر پائیدار سیاحت کو یقینی بنانے کیلئے وقف شدہ ٹھوس اور مائع فضلہ کے انتظام کے نظام بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے ادارہ جاتی میکانزم کو مضبوط کرنے کیلئے مناسب عملے کے ساتھ پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کو کابینہ کی منظوری کیلئے تجاویز جلد سے جلد پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے سیاحت کے حکام ، مقامی اداروں ، متعلقہ محکموں اور جموں و کشمیر حکومت اور بھارت سرکار کے درمیان کثیر سطحی ہم آہنگی قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا تا کہ منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جا سکے ۔ اس موقع پر ابھرتے ہوئے سیاحتی مقامات کی صلاحیت اور مقامی نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع کے بارے میں ایک پرذنٹیشن دی گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ ابھرتے ہوئے سیاحتی مقامات کی ترقی کے دوران معیشت ، ماحولیات اور مساوات کے درمیان احتیاط سے توازن برقرار رکھا جائے ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیاحت ایپ کا بھی افتتاح کیا جو سیاحوں اور دیگر دلچسپی رکھنے والوں کو جموں و کشمیر کے سیاحتی مقامات ، دستیاب سہولیات اور دیگر متعلقہ معلومات کو دریافت کرنے میں مدد دے گی ۔