کہا، متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کی صفائی ،بجلی کی بحالی اور پانی کی فراہمی کو ترجیح دی جارہی ہے
سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں جاری شدید بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ان بارشوں کی وجہ سے کئی رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور ندی اور نالے خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہے ہیں۔اُنہوں نے محکموں کے درمیان قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور اِس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے کہ کنٹرول روم مکمل طور پر فعال اور اور ذمہ دار رہیں۔وزیر اعلیٰ کا دفتر بدلتی ہوئی صورتحال پر نظر رکھنے کے لئے لائن ڈیپارٹمنٹوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پانی جمع ہے وہاں سے پانی کی نکاسی، نکاسی آب نظام کی بحالی اورمتاثرہ علاقو ں میں بنیادی سہولیات جیسے پینے کے پانی اور بجلی کی فوری فراہمی و بحالی کو اوّلین ترجیح دی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور اِنتظامیہ سے تعاون کریں کیوں کہ حفاظتی اور اِمدادی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔










