ایس کے آئی سی سی میں ایچ ڈی ایف سی بینک کی سالانہ تقریب سے خطاب
سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے ایس کے آئی سی سی میں جمعہ کی شام کو ایچ ڈی ایف سی بینک کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی ترقی ، استقامت اور جموں و کشمیر کے ساتھ طویل مدتی وابستگی کی تعریف کی ۔ جموں و کشمیر کے سیاحتی ورثے پر روشنی ڈالتے ہوئے مسٹر عمر عبداللہ نے کشمیر کو صدیوں پہلے دہلی کے لال قلعے کی دیواروں پر ’’ زمین پر جنت ‘‘ کے طور پر بیان کئے جانے کی تاریخی یاد تازہ کی ۔ انہوں نے کہا کہ جبکہ بہت سے علاقے اب پرکشش نعروں کے ساتھ اپنی تشہیر کرتے ہیں ، جموں و کشمیر ہمیشہ سے قدرتی خوبصورتی اور سیاحت کی ترویج کے اصل علامت کے طور پر نمایاں رہا ہے ۔ انہوں نے مہمانوں سے سرینگر سے باہر کے علاقوں کو بھی دریافت کرنے کی درخواست کی اور یقین دلایا کہ ان کے تجربات انہیں اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ دوبارہ آنے کی ترغیب دیں گے ۔ پائیدار سیاحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ ہماری کامیابی اس بات سے نہیں ناپی جائے گی کہ ہم آپ کو ایک بار یہاں لائیں ، بلکہ اس بات سے کہ آپ دوبارہ تشریف لائیں ، بار بار آنا ہماری سیاحتی کوششوں کا اصل پیمانہ ہے ۔ ‘‘ انہوں نے نوٹ کیا کہ ایچ ڈی ایف سی بینک جموں و کشمیر کی معاشی ترقی میں ایک اہم شراکت دار بن چکا ہے ۔ 124 شاخوں اور شہری و دور دراز علاقوں میں پھیلے ہوئے اے ٹی ایمز کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ بینک نے جمع ، قرض ، ترجیحی شعبوں کی مالی اعانت اور صارفین کی ضروریات پر مبنی اقدامات تک اپنی خدمات کو وسعت دی ہے ، جو جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اس کی گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ایچ ڈی ایف سی بینک کا اس کی معزز سالانہ تقریب کیلئے جموں و کشمیر کا انتخاب کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے ایونٹس جموں و کشمیر کے بینکنگ سیکٹر کے ساتھ بڑھتی ہوئی شراکت کو مضبوط کرتے ہیں ۔ مسٹر عمر عبداللہ نے کہا ’’ ایچ ڈی ایف سی بینک کی آج یہاں موجودگی نہ صرف مالی کامیابی کا جشن ہے ، بلکہ جموں و کشمیر کی صلاحیت اور اس کے مستقبل پر ایمان کی دوبارہ توثیق ہے ۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، قانون ساز فاروق احمد شاہ اور تنویر صادق ، ایچ ڈی ایف سی بینک کے سینئر منیجرز ، نمائندوں ، عہدیداروں اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے مہمانوں نے بھی اس موقع پر شرکت کی ۔










