گلمرگ میں سیاحتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور سائیکلوتھون کو جھنڈی دِکھائی
گلمرگ//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گلمرگ کو ایک اعلیٰ عالمی گالف مقام کے طور پر دوبار قائم کرنے کے اَپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے گالف کے بنیادی ڈھانچے، بین الاقوامی سطح کے مقابلوں اور سیاح دوست سہولیات پر خصوصی توجہ دینے کاوعدہ کیا۔وزیر اعلیٰ جومحکمہ سیاحت کے سربراہ بھی ہیں نے گلمرگ گالف چمپئن شپ کے دوران گالف کھلاڑیوں اور ہوٹل مالکان کو انعامات دیتے ہوئے کہا،’’ہم چاہتے ہیں کہ گلمرگ ایک مرتبہ پھر عالمی معیار کا گالف مقام بنے۔ ہم گالف، اس کے بنیادی ڈھانچے اور ٹورنامنٹوں پر خصوصی توجہ دیں گے تاکہ جموں و کشمیر کو دُنیا بھر میں گالفنگ سیاحت کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل ہو۔‘‘عمر عبداللہ نے کہا کہ اگرچہ اس میں محنت اور سرمایہ کاری درکار ہے لیکن گلمرگ کی معاشی اور سیاحتی صلاحیت کے پیش نظر یہ بالکل جائز ہے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ وہ سیاح ہوتے ہیں جو صرف گالف نہیں کھیلتے بلکہ ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں، سیر و تفریح کرتے ہیں اور خریداری بھی کرتے ہیں۔ ہمیں ایسا ہمہ جہت تجربہ فراہم کرنا ہے جو انہیں ہر سال واپس آنے پر مجبور کرے۔‘‘وزیر اعلیٰ نے گلمرگ گالف کورس کی سابقہ شان رفتہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کبھی بھارت کے اعلیٰ گالف کھلاڑیوں کا پسندیدہ مقام تھا۔اُنہوں نے کہا،’’آج بھی گلمرگ کلب کی دیواروں پر معروف پیشہ ور اور شوقیہ گالف کھلاڑیوں کے نام آویزاں ہیں۔ بدقسمتی سے صورتحال میں گراوٹ کے باعث یہ مقام نظرانداز ہوا۔ لیکن ہم اس کو بحال کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔‘‘اُنہوں نے مقامی رُکن قانون ساز اسمبلی کے رول کو سراہتے ہوئے سیاحوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اَپنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا،’’ہمیں ہر سیاح کو ایک وقتی مہمان نہیں بلکہ ممکنہ مستقل مہمان کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ ان کی تسلی و خوشی کو ہماری کامیابی کا معیار بننا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہمیں ہر قسم کے سیاحوں چاہے وہ گالف کھیلنے والے ہوں، گھوڑ سواری کرنے والے، سرمائی کھیلوں کے شوقین یا صرف آرام کے لئے آنے والے کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔اِس سے قبل وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نو تعمیر شدہ گلمرگ کنونشن سینٹر کا معائینہ کیا اور اسے ’’شاندار عمارت‘‘قرار دیا جس میں آڈیٹوریم، میٹنگ ہال، گیسٹ رومز اور کھانے کے لئے مخصوص جگہیں موجود ہیں۔ اُنہوں نے تجویز دی کہ گلمرگ کو مکمل تفریحی مقام بنانے کے لئے شام کے اوقات میں سنیما، کافی شاپس اور ریستوران جیسے تفریحی مواقع فراہم کئے جائیں۔وزیرا علیٰ نے پالیسی اِصلاحات پر روشنی دالتے ہوئے انکشاف کیا کہ حکومت جموں و کشمیر گالف ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر غور کر رہی ہے تاکہ یونین ٹریٹری میں سری نگر، پہلگام، گلمرگ اور جموں کے سدھرا جیسے مقامات پر موجود تمام اہم گالف کورسز کی دیکھ دیکھ اور اِنتظام کو پیشہ ورانہ انداز میں ممکن بنایا جا سکے۔اُنہوں نے اپنے والد اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک پرجوش گالف کھلاڑی ہے جنہوں نے جموں و کشمیر میں گالف کے بنیادی ڈھانچے کی بنیاد رکھی۔اُنہوں نے کہا،’’مجھے اس کھیل کے لئے کچھ بہتر کرنے کی خواہش ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے رُکن قانون سازا سمبلی گلمرگ فاروق احمد شاہ کی بھی سراہنا کی جو اس ٹورنامنٹ کے روح رواں ہیں اور اُمید ظاہر کی کہ اس طرح کے ایونٹس مستقبل میں گلمرگ کے سیاحتی کیلنڈر کا مستقل حصہ بنیں گے۔بعد میں وزیر اعلیٰ نے کونگڈوری میں 726 میٹر لمبی اسکی ڈریگ لفٹ کا سنگ بنیاد رکھاجس کی تخمینہ لاگت 6.84 کروڑ روپے ہے۔ ا ُنہوں نے سیون سپرنگز کے نام سے مشہور آبی ذخیرے کی ترقی و خوبصورتی کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا اور اِس منصوبہ پر 50لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ کونگڈوری میں وزیر اعلیٰ نے سیاحوں سے ملاقات کی اور ان کے کشمیر کے تعطیلاتی تجربے کے بارے میں دریافت کیا۔ سیاحوں نے علاقے میں سیاحت کی بحالی کے لئے ان کے فعال کردار اور قیادت پر اُن کا شکریہ اَدا کیا۔ پونی والوں کے ایک گروپ نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور ان کے سامنے مختلف مطالبات بالخصوص گلمر گ اور اس کے آس پاس کے سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے سے متعلق رکھے۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دِلایا کہ ان کے تمام مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا۔اس دن کے آغاز میں وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر گلمرگ کنونشن سینٹر کا معائینہ کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ باقی کاموں کو جلد مکمل کریں تاکہ یہ مرکز جلد از جلد فعال ہو اور بڑے ایونٹوں کی میزبانی ممکن ہو سکے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے سائیکلوتھون کو جھنڈی دِکھا کر کھیلوں میں نوجوانوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی اور وادی میں ماحول دوست سیاحت کو فروغ دیا۔وزیراعلیٰ کے ہمراہ ان کے مشیر ناصر اسلم وانی ،ارکان قانون ساز اسمبلی فاروق احمد شاہ، جاوید ریاض بیدار، مبارک گل اور تنویر صادق،وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا،ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے کیبل کار کارپوریشن، چیف ایگزیکٹیو آفیسر، گلمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام بھی تھے۔










