اِضافی بنکروں کی تعمیر اور حکومت کی مدد کی یقینی دہانی کی
ٹنگڈھار/ کپواڑہ// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ سرحدی باشندوں تک اَپنی مسلسل رَسائی کے ایک حصے کے طور پر ضلع کپواڑہ کے سرحدی علاقے ٹنگڈار کا دورہ کیا تاکہ سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ اَفراد کی حالت کا جائزہ اور اُن کے ساتھ روبرو بات چیت کی جاسکے۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی،رُکن قانون ساز اسمبلی ترہگام میر سیف اللہ، ممبر قانون ساز اسمبلی سوگام قیصر جمشید لون، ممبر اسمبلی کرناہ جاوید مرچال،ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈن، ایس ایس پی کپواڑہ غلام جیلانی وانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی تھے۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے کرناہ بارڈر سب ڈویژن کے مختلف دیہات جن میںٹنگڈار، حاجنارڈ، ناچیاں، شمس پورہ، باغ بیلہ، بٹپورہ اور ٹار بونی شامل ہیں،کا دورہ کیا۔اُنہوں نے رہائشی مکانات کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثرہ کنبوں کے مسائل کو بغور سُنا۔اُنہوں نے اِنتظامیہ کی طرف سے تعاون کی یقینی دہانی کرتے ہوئے کہا،’’متاثرہ کنبوں نے مشکل حالات میں جس حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بحالی کے لئے ہر ممکن قدم اُٹھایا جائے گا۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ اَفراد کی حفاظت، مدد اور جلد بحالی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔وزیر اعلیٰ نے سرحدی علاقے میں صحت خدمات کی دستیابی اور معیار کا جائزہ لینے کے لئے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال ٹنگڈھار کا بھی دورہ کیا ۔اُنہوں نے وہاں آؤٹ پیشنٹ، اِن پیشنٹ، گائنی، آپریشن تھیٹر، الٹراساؤنڈ اور ایکسرے یونٹوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے چیف میڈیکل اَفیسر ، داکٹروں اور عملے کو جذبے اور ہمدردی کے ساتھ اَپنی خدمات انجام دینے کی ہدایت دی اور مریضوں و تیمارداروں سے بات چیت کر کے ان کے تاثرات معلوم کئے۔وزیر اعلیٰ نے میڈیا اَفراد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود صورتحال کا جائزہ لینے آئے ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن اِمداد فراہم کی جائے گی۔اُنہوں نے ٹنگڈھار میں کمیونٹی بنکروں کا بھی معائینہ کیا اور ان کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا،’’یہ ڈھانچے کشیدگی کے وقت زِندگی بچانے والی پناہ گاہیں اور لائف لائن ہیں۔ ہم مزید بنکروں کی تعمیر کو یقینی بنائیں گے تاکہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگ محفوظ رہ سکیں۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنفرادی بنکروںکی تعمیر کے لئے مرکزی حکومت کے ساتھ یہ معاملہ اُٹھایا جائے گا۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے گنڈی شارٹ میں زیر تعمیر ہائیڈل پاور پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیاجس کی پیش رفت حالیہ کشیدگی کے باعث متاثر ہوئی تھی۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔










