گلمرگ میں سکی ہائیر شاپ کا سنگ بنیاد رکھا
گلمرگ//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گلمرگ کنونشن سینٹر کا اِفتتاح کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ عالمی معیار کی سہولیت گلمرگ کو ’’ ایشیائی یا ہندوستان ڈیواس کے پیمانے پر ‘‘ بین الاقوامی تقریبات اور کنونشنوں کے لئے ایک اہم مقام کے طور پر قائم کرنے میں مدد کرے گی۔یہ سینٹراین بی سی سی کی طرف سے 21کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور اِس کا مقصد جموں و کشمیر میں سیاحت، ثقافت، کاروباری ہم آہنگی اور بین الاقوامی کانفرنسنگ کو فروغ دینا ہے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی،رُکن قانون ساز اسمبلی گلمرگ پیرزادہ فاروق اے شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر آشیش چندر ورما،ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگاشیرپا، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر راجا فاروق یعقوب، سی اِی او جی ڈی اے طارق حسین اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے گلمرگ میں سکی ہائر شاپ کا بھی سنگ بنیاد رکھاجسے جموںوکشمیر کیبل کار کارپوریشن تعمیر کرے گی جو گلمرگ کی سیاحتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنائے گی۔اُنہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بنیادی ڈھانچہ بنانا ضروری ہے، وہیں اس کا درست استعمال اور دیکھ ریکھ اس سے بھی زیادہ اہم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ،’’ چار دیواریں بنانا سب سے آسان کام ہے، اصل ذمہ داری ان کے اِستعمال اور دیکھ دیکھ سے شروع ہوتی ہے۔‘‘۔ اُنہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ این بی سی سی نے منصوبہ مقررہ وقت اور بجٹ میں مکمل کیا لیکن اصل ڈی پی آر میں فرنشننگ کا جزو شامل نہیں تھا۔ اُنہوں نے کہا،’’محکمہ سیاحت، میرے مشیر اور میں مل کر فرنشننگ کو حتمی شکل دے رہے ہیں تاکہ اس سینٹر کو فوری طور پر اِستعمال میں لایا جا سکے۔‘‘اُنہوں نے اس سینٹر کو ایم آئی سی اِی سیاحت، شادی کی تقاریب اور اعلیٰ سطحی تقریبات کے مرکز کے طور پر فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا،’’ہم اسے ایس کے آئی سی سی کے مارکیٹنگ نیٹ ورک سے جوڑنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ گلمرگ کنونشن سینٹر کو ایک وسیع پیکیج کے حصے کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔‘‘ اُنہوں نے کہا،’’اس کی مینی ٹیننس بھی کی جائے گی اور میں چاہتا ہوں کہ جب کبھی دُنیا میں ڈیواس کا ذکر ہو، تو لوگ اسے ایشیائی ڈیواس، بھارتی ڈیواس کے طور پر پہچانیں۔ میں چاہتا ہوں کہ یہ اسی سطح پر ترقی کرے، اگر نہیں تو کم از کم اس پیمانے پر ہو کہ سال میں دو تین تقریبات یہاں منعقد ہوں جن میں دنیا بھر سے لوگ شرکت کریں۔‘‘عمر عبداللہ نے گلمرگ میں بالخصوص سردیوں میں شام کے وقت سیاحوں کے لئے تفریحی سرگرمیوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے کہا،’’سیاح دن میں سکیئنگ، سلجنگ اور دیگر مقامات کی سیر کرتے ہیں لیکن شام کو ان کے پاس کرنے کو کچھ خاص نہیں ہوتا۔ یہ سہولیت اس میں تبدیلی لا سکتی ہے۔ ایک کافی شاپ، ریستوران اور ڈیجیٹل سنیما پروجیکشن سسٹم قائم کر کے ہم یقینی بنا سکتے ہیں کہ سیاحوں کو شام کے وقت ایک پرجوش تجربہ حاصل ہو، آمدنی بھی ہو اور یہ اثاثہ سرگرم بھی رہے۔‘‘وزیر اعلیٰ نے سرکاری محکموں پر زور دیا کہ وہ نجی شعبے کی دلچسپی بڑھنے میں اس سہولیت کو میٹنگوں، تربیتی پروگراموں اور سرکاری تقریبات کے لئے استعمال کریں۔اُنہوں نے تعلیم، صحت، سماجی بہبود اور دیگر محکمے یہاں پروگرام منعقد کر سکتے ہیںجس سے اس سینٹر کا بہترین استعمال یقینی بنایا جا سکتا ہے اور شرکأکو ایک نیا ماحول بھی فراہم ہو گا۔‘‘عمر عبداللہ نے این بی سی سی اور گلمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کو مُبارک باددیتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ گلمرگ کے سیاحتی منظرنامے میں ایک سنگ میل ہے۔اُنہوں نے کہا،’’مناسب اِنتظام کے ساتھ گلمرگ کنونشن سینٹر نہ صرف کانفرنسوں اور بین الاقوامی تقریبات کے لئے مرکز کے طور پر کام کرے گا بلکہ تفریحی اور ثقافتی سیاحت کے لئے ایک متحرک جگہ بھی ثابت ہو گا۔‘‘










