وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کیلاش کنڈ بھدرواہ میں یاتریوں کیلئے بنیادی ڈھانچے کے کاموں کو اُجاگر کیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کیلاش کنڈ بھدرواہ میں یاتریوں کیلئے بنیادی ڈھانچے کے کاموں کو اُجاگر کیا

جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ سال 2014-15 کے دوران بھدرواہ کے سنگلی میں یاتری بیس کیمپ اور کیلاش کنڈ میں رین شیلٹر شیڈوں کی تعمیر پر 279.83 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔وزیر اعلیٰ، جن کے پاس سیاحت کا قلمدان بھی ہے، نے کہا کہ سال 2017 ء میں اس اثاثے کو تین برس کی مدت کے لئے 24 لاکھ روپے میں آؤٹ سورس کیا گیا تھا۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ سال 2024-25 کے دوران اسے دوبارہ دس سال کے لئے سالانہ 26.25 لاکھ روپے پر آؤٹ سورس کیا گیا جس میں ہر برس 10 فیصد اِضافہ شامل ہے۔اُنہوںنے کہا کہ آؤٹ سورسنگ کا مقصد بھدرواہ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (بی ڈِی اے) کی آمدنی میں اضافہ کرنا تھاتاکہ وہ پارکوں اور باغات، ریزورٹوں، سیاحتی ہٹوں، گیسٹ ہاؤسوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی دیکھ ریکھ سمیت روزمرہ کے اِنتظامی اَخراجات پورے کر سکے۔وزیر اعلیٰ نے یاتری شیڈوں کی آؤٹ سورسنگ منسوخ کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ حکومت کو یہ صورتِ حال ورثے میں ملی ہے کیوں کہ اِبتدائی آؤٹ سورسنگ پہلے ہی ہو چکی تھی۔اُنہوں نے کہا،’’یہ آؤٹ سورسنگ 24 ؍اکتوبر 2024 ء سے قبل کی گئی تھی اور اسے دس برس کے لئے دیا گیا ہے۔ منسوخی کے سوال پر قانونی اور مالی مضمرات کا جائزہ لینا ہوگا۔ ہمیں دیکھنا پڑے گا کہ آیا اسے منسوخ کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔‘‘وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ فیصلہ اس وقت متعلقہ محکمہ کی جانب سے کیا گیا تھا، تاہم حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مستقبل میں اس طرح کی آؤٹ سورسنگ سے گریز کیا جائے۔اُنہوں نے کہا،’’موجودہ معاہدہ دس برس کے لئے ہے۔ اِس کے بعد اسے آؤٹ سورس نہیں کیا جانا چاہیے۔ جو نیا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے اسے یاتریوں کے لئے اِستعمال کیا جانا چاہیے نہ کہ آؤٹ سورس کے لئے۔‘‘
وزیر اعلیٰ ایوان میں رُکن اسمبلی بھدرواہ حلقہ دلیپ سنگھ کی طرف سے اُٹھائے گئے اس سوال کا جواب دے رہے تھے جس میں بھدرواہ اسمبلی حلقے میں روشرا ماتا، کیلاش یاترا اور منی مہیش یاترا کے راستوں پر نئے یاتری شیڈوں کی تعمیر کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ ایگزیکٹیو اِنجینئر (آر اینڈ بی) ڈویژن بھدرواہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بھدرواہ کے مختلف سیاحتی مقامات بشمول یاترا راستوں پر، شیلٹر شیڈوں، کیوسکس اور عوامی سہولیت مراکز کی تعمیر کے لئے تفصیلی منصوبہ رِپورٹ (ڈی پی آر) تیار کریں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا،’’یہ منصوبہ متعلقہ سکیم کے تحت، مجاز اتھارٹی کی منظوری اور فنڈز کی دستیابی سے مشروط ہو کر شروع کیا جائے گا۔‘‘