وزیراعلیٰ نے قیادت کرتے ہوئے ہاف میراتھن کامیابی سے مکمل کیا
سری نگر// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پولوویو سری نگر سے کشمیر میراتھن کے دوسرے ایڈیشن کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا جس میںجموں و کشمیر کی فِٹنس، ثابت قدمی اور حوصلے کے جذبے کا شاندار جشن منایا گیا۔پولوویو سے صبح 6بجے دوڑ شروع ہوئی جس میں دوڑنے والوں نے دلکش ڈل جھیل کے کنارے واقع بلیوارڈ روڈ پر دوڑ لگائی۔ یہ میراتھن محکمہ سیاحت کشمیر کی جانب سے منعقد کی گئی تھی جس میں فُل میراتھن(42 کلومیٹر) ، ہاف میراتھن (21 کلومیٹر) اور شوقیہ اور مقامی شرکأ کے لئے مختصر دوڑ سمیت متعدد زُمرے شامل تھے۔اِس برس کے ایڈیشن میں ہندوستان کی 27 ریاستوں اوریوٹیز سے زائد اَز1,100 دوڑنے والوں نے شرکت کی جبکہ 11 ممالک کے 77 غیر ملکی شرکأ نے بھی حصہ لیا جو کشمیر کے کھیلوں اور مہم جوئی سیاحت کے مرکز کے طور پر اُبھرنے کی عکاسی کرتا ہے۔اِفتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ کے ہمراہ وزیر برائے امورِ نوجوان وکھیل کود ستیش شرما، وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، بالی وڈ اَداکار سنیل شیٹھی، رُکن قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر صادق، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، اے سی ایس ٹوراِزم آشیِش ورما، ڈائریکٹر سیاحت کشمیر راجا یعقوب اور دیگرسینئر اَفسران اورسول و پولیس افسران موجود تھے۔مقامی شہریوں نے معزز مہمانوں کے ساتھ مل کر دوڑنے والوں کا جوش و خروش سے اِستقبال کیا جب وہ سری نگر کے دِل میں اَپنی دوڑ شروع کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے فٹنس اور عوامی وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھی ہاف میراتھن میں حصہ لیا اور 21 کلومیٹر کی دوڑ ایک گھنٹہ پچاس منٹ سے کچھ زائد وقت میں کامیابی سے مکمل کی۔بعدمیں وزیراعلیٰ نے اَپنی کامیابی کا تجربہ ایکس پراِشتراک کرتے ہوئے کہا،’’ابھی کشمیر ہاف میراتھن مکمل کی۔ میں نے ذاتی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا لیکن گزشتہ سال کے مقابلے میں نے اَپنی کوشش میں بہتری لائی ۔ فُل میراتھن اورہاف میراتھن مکمل کرنے والے تمام دوڑنے والوں کو مُبارک باد ہو۔‘‘یاد رہے کہ گزشتہ برس 20 ؍اکتوبر کو منعقدہ کشمیر میراتھن کے پہلے ایڈیشن میں بھی وزیراعلیٰ نے جھنڈی دِکھا کر ہاف میراتھن میں حصہ لیا اور اسے کامیابی سے مکمل کیا تھا۔بالی ووڈ اَداکار سنیل شیٹھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’لوگ کشمیر اور ہندوستان کے لئے دوڑ رہے ہیں۔ ہر عمر کے لوگوں میں جوش وخروش دیکھنا بہت ا چھا ہے ، مجھے یہاں آ کر خوشی ہوئی ہے اور میں ہر برس واپس آ کر مزید لوگوں کو شرکت کی ترغیب دینے کی کوشش کروں گا۔‘‘وزیر برائے امورِ نوجوان و کھیل کودستیش شرما نے کہا،’’یہ میراتھن امن، محبت، خوشحالی اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔ مختلف ممالک کے دوڑنے والے بھی اس اتحاد اور استقامت کے جشن کا حصہ ہیں۔ میں وزیراعلیٰ عمر عبداللہ، اداکار سنیل شیٹھی اور تمام اَفراد کا شکریہ اَدا کرتا ہوں جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا۔‘‘










