جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے دہشت گردانہ حملے پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اِظہار کیا ہے۔اُنہوں نے اس حملے کو ایک’’ گھنائونی ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم سیاحوں کو نشانہ بنانا سراسر سفاکانہ اور اِنسانیت سوز فعل ہے۔وزیر اعلیٰ نے اَپنے سخت بیان میں کہا،’’یہ حملہ ہمارے سیاحوں پر گھنائونا ہے۔اِس حملے میں ملوث اَفراد جانور ہیں جو غیر اِنسانی اور قابل نفرت ہیں۔ اِس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔‘‘اُنہوں نے حملے میں جاں بحق اَفراد کے لواحقین سے دِلی ہمدردی کا اِظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی وشفایابی کے لئے دُعا کی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وہ اعلیٰ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور وزیر صحت سکینہ اِیتو سے بھی بات کی ہے جو زخمیوں کے علاج اور اِمدادی اِنتظامات کی نگرانی کے لئے فوری طور پر ہسپتال پہنچیں۔اُنہوںنے اعلان کیا کہ وہ فوری طور پر سری نگر روانہ ہو رہے ہیں تاکہ صورت حال کی ذاتی طور پر نگرانی کر سکیں اور متاثرین اور اُن کے کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔اُنہوں نے کہا ،’’ میں نے اپنی ساتھی سکینہ اِیتو سے بات کی ہے اور وہ زخمیوں کے اِنتظامات کی نگرانی کے لئے ہسپتال جاچکی ہیں۔ ‘‘اِس کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے فون پر پہلگام سیاحتی مقام پر پیش آئے افسوسناک واقعہ کے بارے بات چیت کی۔










