The Centre must fulfill the promise made to the people of Jammu and Kashmir.

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عید میلاد النبی ؐ کے موقعہ پر جموں وکشمیر کے لوگوں کو مُبارک باد دی

حضرت محمد مصطفیﷺ کے اَمن ، ہمدردی اور اتحاد کے پیغام کو پھیلانے پر زور

سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عید میلاد النبی ؐ تقریب سعید کے موقعہ پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو پیغمبر اسلام ؐ کے یومِ ولادت باسعادت کے موقعہ پر مُبارک باد پیش کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اَپنے پیغام میں کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات اِنسانیت کے لئے ابدی رہنمائی کا سرچشمہ ہیںجو امن، ہمدردی، مساوات اور بھائی چارے کی اَقدار پر زور دیتے ہیں۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان اَقدار کو اَپنی روزمرہ زندگی میں اَپنائیں اور ایک پُرامن اور ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کے لئے اِجتماعی طور پر کام کریں۔اُنہوں نے کہا، ’’عید میلاد النبی ؐ کا بابرکت موقعہ ہمیں حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لازوال پیغام کی یاد دلاتا ہے جس کی جڑیں احسان، رواداری ،اِنسانیت کی خدمت میں پیوست ہیں۔ آئیے ہم سب اس عظیم راہ پر چلنے کے لئے خود کو وقف کریں اور معاشرے کے تمام طبقوںمیں اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔‘‘وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے لوگوںکی اَمن، سلامتی، خوشحالی اور بھلائی کے لئے دعا کی اور اُمید ظاہر کی کہ اِس موقعہ پر سے ہم آہنگی اور اِجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو تقویت ملے گی۔