سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عیدالفطر اور نوروز کے موقعوںپر جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میںعید منانے والوں کو دِلی مُبارک بادِ پیش کی ہے۔اُنہوں نے اَپنے مُبارک بادی کے پیغام میں رمضان المبارک کے دوران ایک ماہ کے روزے،عبادت اور نفس ضبط کے بعد عید کی روحانی اہمیت کو اُجاگر کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ عید اللہ تعالیٰ کا شکر اَدا کرنے اور اس مقدس مہینے میں پروان چڑھنے والی ہمدردی، سخاوت اور اتحاد جیسی اقدار کو منانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا، ’’عید ایک خوشی کا موقعہ ہے جو لوگوں کو رمضان المبارک کی برکتوں کی تقریب منانے کے لئے اِکٹھا کرتا ہے ۔یہ کمیونٹی کے بندھن کو مضبوط کرتا ہے اور باہمی احترام اور بھائی چارے کی اَقدار کو فروغ دیتا ہے۔ یہ خوشیاں بانٹنے، مہربانی بڑھانے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا وقت ہے۔‘‘وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ تہوار جموں و کشمیر کی پہچان بننے والی فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مشترکہ ورثے اور ثقافتی ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے، جو اتحاد اور امن کے جذبے کو مزید مضبوط بناتا ہے۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے دیرپا امن، مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لئے دُعا کی اور دُنیا بھر میں عید الفطر منانے والے تمام لوگوں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے نوروز کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد بھی دِی ۔اُنہوں نے کہا کہ نوروز موسمِ بہار کی آمد اور فارسی نئے سال کے آغاز کی علامت ہے جو تجدید، اُمید اور ہم آہنگی کی نمائندگی کرتا ہے اور دنیا میں امن کے قیام کے لئے دُعا کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تہوار خطے کے مختلف حصوں میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے اور ایک بھرپور ثقافتی ورثے اور یکجہتی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔اُنہوں نے جموں و کشمیر میںدیرپا اَمن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دُعا کی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ہر گھر میں خوشی کی نوید لے کر آئے گا۔










