وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شیخ محمد عبداللہ کی 120ویں یوم ولادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا

سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کے مزار پر حاضری دی اور اس عظیم رہنما کے جموں و کشمیر کی سیاسی و سماجی تاریخ میں بے مثال کردار کو یاد کیا۔وزیر اعلیٰ نے سخت سردی کے باوجود حضرت بل نسیم باغ کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے شیخ محمد عبداللہ کی 120 ویں یوم ولادت کے موقعہ پر منعقدہ تقریب کی قیادت کی۔ شیخ محمد عبداللہ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے بانی، سابق وزیر اعلیٰ اور خطے کے جدید تاریخ کے سب سے مؤثر رہنماؤں میں سے ایک تھے۔شیخ محمد عبداللہ جو لوگوں میں شیر کشمیر کے نام سے جانا جاتا ہیں،کو ان کی تبدیلی کی سیاست، عوامی بااختیار بنانے اور سماجی ترقی پر زور دینے اور جموں و کشمیرکے اِجتماعی تشخص پر ان کی گہری نقوش کے لئے یاد کیا جاتا ہیں۔ وہ نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے والد اور موجودہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دادا تھے۔مزار پر وزیر اعلیٰ، ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور متعدد وزرأ کے ہمراہ، سپیکر اسمبلی ایڈوکیٹ عبد الرحیم راتھر، اراکین اسمبلی سمیت دیگرنے گل دائرے چڑھائے ۔اِس موقعہ پر فاتحہ خوانی کی گئی، مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعائیں بھی کی گئیں اور شیخ محمد عبداللہ کے قائدانہ اقدار کو برقرار رکھنے کے اجتماعی عہد کا اعادہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے اِس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیرکشمیر کی زندگی اور کام جموں و کشمیر کے عوام کے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ نے ایک ایسی معاشرت کی تصویر کشی کی تھی جو وقار، مساوات اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر مبنی ہو اوراُن کا پیغام نسل در نسل گونجتا رہتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ شیخ محمد عبداللہ خودمختاری، انصاف اور امن کے لئے کھڑے تھے، ایسے وقت میں جب برصغیر انتشار اور تقسیم کا شکار تھا اور ان کے اصول آئندہ نسلوں کے لئے مشعل راہ رہیں گے۔شیخ محمد عبداللہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اورخطے کی سیاسی و سماجی بیداری میں اُن کی بے مثال خدمات کو یاد کر نے کے لئے نسیم باغ میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔