وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شالیمار باغ کا دورہ کیا اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شالیمار باغ کا دورہ کیا اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے تاریخی مغل باغ شالیمار کا دورہ کیا تاکہ جاری تحفظاتی کاموں کا معائینہ کر سکیں جو جے ایس ڈبلیو فاؤنڈیشن کی کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی (سی ایس آر) کے تحت انجام دئیے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ کے ہمراہ کمشنر سیکرٹری فلوری کلچر، گارڈنز اینڈ پارکس، ڈائریکٹر فلوری کلچر کشمیر اور جے ایس ڈبلیو فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی تھے۔وزیر اعلیٰ نے دورے کے دوران باغ کی مختلف اہم تاریخی یادگاروں کا معائینہ کیا جن میں پنک پویلین، رانی محل اور بلیک پویلین شامل ہیں۔ بحالی اور تحفظ کی سرگرمیوں کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کام کی رفتار کو تیز کرنے اور ورثے کے تحفظ کے جوہر کو برقرار رکھتے ہوئے تمام زیر اِلتوا ٔکاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ کشمیر کے چھ مغل باغات بشمول شالیمار باغ اس وقت یونیسکو کی ممکنہ عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل ہیں۔ محکمہ فلوری کلچر ان تاریخی باغات کی اصل حالت ، صداقت اور ثقافتی سا لمیت کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ رکھنے کے لئے بحالی اور تحفظ کے کام کر رہا ہے۔اِس وقت جاری تحفظاتی کاموں میں ڈھانچہ جاتی بحالی، زمین کی خوبصورتی میں اضافہ، تاریخی طرز تعمیر کے عناصر کا تحفظ اور سیاحوں کی سہولیات کو بہتر بنانا شامل ہے اور یہ سب باغ کے تاریخی حسن سے ہم آہنگ ہو کر کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے محکمہ اور جے ایس ڈبلیو فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور ورثے کے مستقل تحفظ پر زور دیا۔