وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سینک سکول نگروٹہ میں 56ویں یومِ تاسیس کے موقعہ پر لڑکیوں کے ہوسٹل ’’ تریوینی ‘‘ کا اِفتتاح کیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سینک سکول نگروٹہ میں 56ویں یومِ تاسیس کے موقعہ پر لڑکیوں کے ہوسٹل ’’ تریوینی ‘‘ کا اِفتتاح کیا

جموں// سینک سکول نگروٹہ نے اَپنے 56ویں یومِ تاسیس کو ایک اہم سنگِ میل کے ساتھ منایا جہاں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے نو تعمیر شدہ لڑکیوں کے ہوسٹل ’’ تروینی ‘‘ کا اِفتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ کے آمد پر انہیں رسمی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور اُنہوں نے سکول کے شہدأ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ’’شوریہ سمارک‘‘ پر گل دائرے چڑھائے ۔بعدمیں اُنہوں نے اِس موقعہ کو یادگار بنانے کے لئے عملے کے ساتھ گروپ فوٹو کھنچوایا۔تقریب میں جی او سی 16کارپس لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا ، سی او ایس 16کارپس میجر جنرل پرم ویر سنگھ ڈگر شامل تھے ۔ اِس کے علاوہ محکمہ تعلیم کے اَفسران اور سکول کے سابق طالب علموں نے بھی شرکت کی۔یومِ تاسیس کی تقریبات کا آغاز روایتی کیک کاٹنے کی تقریب سے ہوا جس میں وزیر اعلیٰ کے ساتھ سکول کیڈیٹ کیپٹن سٹینزین چوسگیال اور سب سے کم عمر کیڈیٹ آیوش شان نے شرکت کی۔
پرنسپل کیپٹن سینک سکول نگروٹہ( آئی این) شیبو دیواسیا نے وزیر اعلیٰ کو سکول کا خاص یادگاری تحفہ پیش کیا جو علم، بہادری اور نظم و ضبط کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہائی ٹی کے دوران عملے کے ساتھ بات چیت کی اور مہمانوں کی کتاب میں حوصلہ افزا کلمات تحریر کئے جس میں اُنہوں نے قوم کی تعمیر میں سکول کے کردار کو سراہا۔لڑکیوں کے ہوسٹل ’’تریوینی‘‘ کا افتتاح اس دن کی سب سے اہم تقریب تھی جو سکول کی شمولیت، جدید رہائشی سہولیات اور لڑکیوں کے لئے قائدانہ مواقع کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ ہوسٹل سکول کی ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے جہاں لڑکیوں کو بھی وہی ماحول میسر ہوگا جو لڑکوں کو حاصل ہے تاکہ وہ تعلیم، نظم و ضبط اور قومی خدمت میں یکساں طور پر کامیاب ہو سکیں۔