قومی شاہراہ کی جلد بحالی اور متاثرہ کنبوں کیلئے اِمداد کی یقین دہانی
رام بن// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع رام بن میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ سے متاثرہ علاقوں کا دوسرے روز بھی دورہ کیا اور جاری امدادی و بحالی کاموں کا خود جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے دھرم کنڈ اور نیشنل ہائی وے۔44 پر ہوئے نقصانات کا فضائی معائینہ کیا جس میں اُن کے ہمراہ وزرأ اور متعلقہ اَفسران بھی تھے۔ بعد ازاں اُنہوں نے سیری، بولی بازار، مین بازار رام بن اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول رام بن کے اَطراف کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔عمر عبداللہ نے متاثرہ کنبوںسے ملاقات کی اور اُنہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی۔ اُنہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے۔44 کی فوری بحالی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی جن میں اَموات، املاک کے نقصان ، زرعی نقصانات اور مویشیوں کا ضیاع شامل ہے۔اُنہوں نے اعلان کیا کہ جموں وکشمیر حکومت کی جانب سے متاثرین کو مناسب مالی اِمداد فراہم کی جائے گی اور مرکزی حکومت سے بھی اِمداد حاصل کی جائے گی تاکہ متاثرہ کنبوں کو بروقت ریلیف مل سکے۔وزیراعلیٰ نے این ایچ اے آئی اور اِنتظامیہ کو بحالی کی کارروائیاں تیز کرنے اور رہائشی علاقوں سے ملبہ ہٹانے، سڑکوں کو صاف کرنے، بجلی بحال کرنے اور پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے واٹر ٹینکروں کی تعیناتی کی ہدایت دی۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے لنگروں میں اضافے اور فوری مالی امداد کے لئے محکمہ خزانہ کو فنڈ کی درخواست جمع کرنے پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ اور پولیس کی بروقت کارروائیوں کو سراہا جس سے کئی قیمتی جانیں بچانے میں مدد ملی۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ کے ہمراہ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیئرپرسن ڈِی ڈِی سی ڈاکٹر شمشاد شان،رُکن قانون ساز اسمبلی بانہال سجاد شاہین، ممبر اسمبلی رام بن ارجن سنگھ راجو، ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری، ایس ایس پی رام بن کلبیر سنگھ اور دیگر افسران بھی تھے۔بعدمیں رام بن میں ایک جائزہ میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ نے جاری اِمدادی و بحالی کاموں کا جائزہ لیا۔ مشیر ناصر اسلم وانی نے بنیادی سہولیات کی فوری بحالی اور اِنشورنس کلیمز کے جلد از جلد عمل کو یقینی بنانے کی تجاویز پیش کیں۔ میٹنگ میں مختلف منتخب نمائندوں اور اَفسران نے فوری توجہ طلب مسائل کی نشاندہی بھی کی۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر بصیر الحق چودھری نے وزیراعلیٰ کو اَب تک کی گئی اِمدادی و بحالی کارروائیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔










