جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں جن وشواس اور اینٹی ڈسکرمنیشن بل پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے’جموں و کشمیر جن وشواس (ترمیمی دفعات) بل 2026‘(ایل اے بل نمبر 1 آف 2026) متعارف کیا۔اس بل میںجموں و کشمیر کے کچھ قوانین میں جرائم کو غیر مجرمانہ اور معقول بنا کر ترمیم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس کا مقصد اعتماد پر مبنی حکمرانی کو مزید مستحکم کرنا اور زندگی گزارنے اور کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینا ہے۔اِسی طرح وزیر اعلیٰ جن کے پاس قانون، انصاف اور پارلیمانی امور کا قلمدان بھی ہیں، نے ’جموں و کشمیرکوڑھ سے متاثرہ اَفراد کے خلاف امتیازی سلوک کا خاتمہ بل 2026‘(ایل اے بل نمبر 2 آف 2026) متعارف کیا۔اِس بل کا مقصد متعلقہ قوانین میں ترمیم کے ذریعے کوڑھ کے متاثرہ افراد کے خلاف امتیاز یا مساوی سلوک سے انکار کو ختم کرنا، ان کی علیحدگی اور خارج کئے جانے سے روکنا اور یونین ٹیریٹری کو مثبت اقدامات کے ذریعے اپنے فرائض کی ادائیگی ممکن بنانا ہے۔دونوں بِل پہلے ہی سرکاری گزٹ کے غیر معمولی شمارے میں شائع کئے جا چکے ہیں۔










