وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموںوکشمیر اَنڈر16 کرکٹ ٹیم کو تاریخی وِجے مرچنٹ ٹرافی جیتنے پر مُبارک باد دِی

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموںوکشمیر اَنڈر16 کرکٹ ٹیم کو تاریخی وِجے مرچنٹ ٹرافی جیتنے پر مُبارک باد دِی

جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج صبح فاتح جموں و کشمیر اَنڈر16 کرکٹ ٹیم سے بات چیت کی جس نے وِجے مرچنٹ ٹرافی (پلیٹ گروپ) کا ٹائٹل جیت کر جموں و کشمیر کے لئے ایک تاریخی کامیابی حاصل کی۔اُنہوں نے ہر کھلاڑی سے الگ الگ ملاقات کی اور ان کی ذاتی اور ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اُنہوں نے میدان میں ان کی شاندار کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے نوجوان کرکٹروں کو اَپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنے اور مستقبل میں عمدہ کارکردگی کے لئے محنت کرنے کی ترغیب دی۔اُنہوں نے اُن کی تعلیمی سرگرمیوں اور کھیلوں کے علاوہ دیگر دِلچسپیوں میں بھی گہری دِلچسپی ظاہر کی۔وزیر اعلیٰ نے ٹیم کی شاندار کامیابی پر مُبارک باد دیتے ہوئے کہا،’’ آپ کی فتح صرف صلاحیت کا مظاہرہ نہیں بلکہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور اور لگن کی عکاس ہے۔ آپ نے پورے جموں و کشمیر کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔‘‘اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے فاتح ٹیم کے کیپٹن کپتان سمیگے کھجوریہ کی قیادت میں شاندار کارکردگی اور جموں و کشمیر میں کھیلوںمیں ان کی شراکت کو تسلیم کرتے ہوئے انعامی ٹرافی پیش کی۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ 6 ؍جنوری کو گجرات کے شہر سورت میں کھیلے گئے فائنل کے تیسرے دِن جموں و کشمیر نے میزورم کو ایک اننگز اور 182رنز سے شکست دی۔ اِس شاندارجیت سے جموں و کشمیر نے پہلی بار وِجے مرچنٹ ٹرافی اَپنے نام کی جو جموں و کشمیر کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک قابل فخر لمحہ ہے۔