اہم محکموں کے ساتھ پری بجٹ مشاورتی میٹنگ کی صدارت کی
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے 2؍ فروری کو شروع ہونے والے جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن سے قبل اہم محکموں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی صدارت کرتے ہوئے پری بجٹ مشاورتی میٹنگوں کا آغاز کیا۔ وزیر اعلیٰ نے محکموں کی ترجیحات کا جائزہ لیا، عوامی ضروریات کا جائزہ لیا اور جموں وکشمیر کے مجموعی ترقیاتی اہداف کے ساتھ تجاویز کو ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام خطوں میں متوازن ترقی کو یقینی بنانے کے لئے عوام پر مبنی اَقدامات، مؤثر خدمات کی فراہمی اور جامع ترقی پر زور دیا۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ جن کے پاس خزانہ کا قلمدان بھی ہے، نے پاور ڈیولپمنٹ، مکانات و شہری ترقی ،فائنانس،ریونیو، جنرل ایڈمنسٹریشن، قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور، سیاحت، اطلاعات اور اِنفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف محکموں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سیاحت اشیش چندر ورما، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ شیلندر کمار، پرنسپل سیکرٹری فائنانس سنتوش دی ویدیا، مکانات و شہری ترقی، جنرل ایڈمنسٹریشن، اطلاعات، ریونیو، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور قانون، اِنصاف و پارلیمانی امور کے اِنتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ فائنانس ڈیپارٹمنٹ کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔مشاورتی عمل 21 اور 22 ؍جنوری کو مزید 15 اہم محکموں کے ساتھ جاری رہے گا۔2026-27 کا بجٹ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ 6 ؍فروری کو اسمبلی میں پیش کریں گے۔ یہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے پیش کیا جانے والا دوسرا بجٹ ہوگا۔










