جموں ، سری نگر ، اننت ناگ میں بڑے ثقافتی ورثے ، جھیل کنارے اور شہری آواجاہی کے منصوبے منصوبہ بندی کے تحت ہیں
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج مکانات و شہری ترقی محکمہ کے اُن منصوبوں کا جائزہ لیا جوریاستوں کو خصوصی مدد برائے سرمایہ کاری (ایس اے ایس سی آئی) سکیم کے تحت عملائے جا رہے ہیں۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، پرنسپل سیکرٹری فائنانس سنتوش ڈی ویدیا، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ مندیپ کور، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت فخر الدین حامد، کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن و سی اِی او جموں سمارٹ سٹی لمیٹیڈ دیونش یادو، کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن و سی اِی او سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹیڈ فضل الحسیب، وائس چیئرمین لیکس اینڈ کنزرویشن ڈیولپمنٹ اَتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل بجٹ محمد سلطان ملک اور دیگر متعلقہ اَفسران موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے تجویزات کا جائزہ لیتے ہوئے کہاکہ پروجیکٹوں میں شہری زندگی کے معیار میں نمایاں بہتری، ثقافتی ورثہ کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور شہری مراکز میں سیاحت کو فروغ دینے کی صلاحیت ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ تمام کام عوامی ضرورت کے مطابق، ماحول دوست اور طویل مدتی شہری منصوبہ بندی کے اہداف سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے مراحل میں مقامی قانون سازوں اورشراکت داروں کو شامل کیا جائے تاکہ کام بلا تعطل جاری رہ سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ پیش رفت کی باقاعدہ رپورٹس اُن کے دفتر کو بھیجی جائیں اور کسی بھی رُکاوٹ کو مقررہ وقت میں دور کیا جائے۔
اِس سے قبل سمارٹ سٹی لمیٹیڈز کے متعلقہ سی ای اوز نے مرکزی حکومت کی فنڈنگ سے ایس اے ایس سی آئی سکیم کے تحت اُٹھائے جانے والے منصوبوں پر تفصیلی جانکاری دی۔سی اِی او جموں سمارٹ سٹی لمیٹیڈ نے بتایا کہ متعدد منصوبے ورثے کے تحفظ، ٹریفک جام، نکاسی آب، غیر منظم وینڈنگ، غیر منصوبہ بند یوٹیلیٹیز اور پسماندہ ہیریٹیج کوریڈورز جیسے مسائل کو حل کرنے کے لئے اُٹھائے جا رہے ہیں۔ دیرپائی یقینی بنانے کے لئے مختلف مربوط شہری اقدامات کی تجویز دی گئی ہے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی کاروباری ضلع (سی بی ڈِی) اور تاریخی مرکز کی بحالی منصوبے کا اہم جزو ہے۔ تجویز کردہ اقدامات میں پریڈ گراؤنڈ، مبارک منڈی، جیول چوک، گاندھی نگر۔ویئر ہائوس اور ٹانگاسٹینڈ۔گمٹ بازار جیسے زیادہ بھیڑ والے مقامات پرکچیر سطحی کار پارکنگ کی سہولیات کی تعمیر شامل ہے۔ دیگر منصوبوں میں یوٹیلیٹی اَپ گریڈیشن و بیوٹیفکیشن کے کام، باوے ماتا، ہر کی پوری اور مہا مایا کو جوڑنے والے مندر کی ترقی، سبزی منڈی میں ماڈل ویجی ٹیبل منڈی، اِندرا چوک میں شاپنگ کمپلیکس اور پریڈ چوک پر کلاک ٹاور (گھنٹہ گھر) کی تعمیر بھی شامل ہیں۔سی ای او سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹیڈ نے نیبرہُڈ ڈیولپمنٹ اور نگین جھیل کے واٹر فرنٹ کی بحالی پر اَپنی پرزنٹیشن دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ 4.5 کلو میٹر طویل نگین جھیل فرَنٹ کو عوامی رسائی کے ساتھ ترقی دی جائے گی، گھاٹوں کی اَپ گریڈیشن، چیری پارک کی بہتری اور پورے علاقے کی جامع ترقی سے سہولیات میں اضافہ اور سیاحتی امکانات بہتر ہوں گے۔اُنہوں نے سری نگر کے کلائی اندر (قدیم شہر) کی بحالی کے منصوبوں پر بھی جانکاری دی جن میں عوامی مقامات کی بہتری، تاریخی عمارتوں کا تحفظ، سبز مقامات کی تخلیق اور کاٹھی دروازہ ، سنگین دروازہ اور بچھّی دروازہ جیسے اہم گیٹ ویز کی بحالی شامل ہے۔ اِس کے علاوہ نکاسی آب اور پیدل چلنے والوں کے لئے بہتر راستوں کی بھی تعمیر ہوگی۔ دیوی آنگن کے عوامی مقامات کو بھی بڑھایا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اننت ناگ میں کے پی روڈ کے قریب گرین فیلڈ ڈیولپمنٹ کی تجویز ہے جس میں دریائی کنارے ایکو پارک، سٹی پارک، سائیکل ٹریکس، پاتھ ویز، گیزبوس ، کیوسکس اور آری پت نالہ کے قریب ایک سمارٹ لائبریری کی تعمیر شامل ہے۔










