وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اہم محکموں کے ساتھ پری بجٹ مشاورتی میٹنگوں کی صدارت کی

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اہم محکموں کے ساتھ پری بجٹ مشاورتی میٹنگوں کی صدارت کی

جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مسلسل دوسرے دن کئی اہم محکموں کے ساتھ قبل از بجٹ مشاورتی میٹنگیں منعقد کیں تاکہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ بجٹ سیشن کے لئے ترجیحات، شعبہ جاتی ضروریات اور ترقیاتی تقاضوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ بجٹ سیشن 2 ؍فروری سے شروع ہوگا۔وزیر اعلیٰ جن کے پاس خزانہ کا قلمدان بھی ہے، نے سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم، سکولی تعلیم، اعلیٰ تعلیم ، تعمیراتِ عامہ (سڑکیں و عمارات)، کان کنی، صنعت و حرفت اور محنت محکموں کے ساتھ تفصیلی مشاورتی میٹنگ کی صدارت کی۔ اِن میٹنگوں میں نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری اور وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود، سکولی تعلیم و اعلیٰ تعلیم محکمہ جات سکینہ ایتو نے شرکت کی۔مشاورتی میٹنگوں میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیر ج گپتا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی انیل کمار سنگھ، پرنسپل سیکرٹری خزانہ سنتوش دی ویدیا، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم،سکولی تعلیم،اعلیٰ تعلیم تعمیراتِ عامہ (سڑکیں و عمارات)، کان کنی، صنعت وحرفت اور محنت کے اِنتظامی سیکرٹریوںکے علاوہ محکمہ خزانہ اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی موجود تھے۔میٹنگوں کے دوران وزیر اعلیٰ نے شعبہ وار پیش رفت، جاری منصوبوں، بجٹ کے اِستعمال اور آئندہ ضروریات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے حقیقت پسندانہ اور نتائج پر مبنی بجٹنگ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوامی فنڈز اُن ترجیحی شعبوں میں اِستعمال ہوں جو براہِ راست عوام کی زندگیوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔اُنہوں نے محکموں کو عوا م پر مرکوز اور کارکردگی پر مبنی نقطہ نظر کواَپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ کو صحت اور تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو بڑھانے، سڑکوں کی بہتر رابطہ کاری، صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اِس بات پر زور دیا کہ محکمے منصوبوںکو بروقت مکمل کرنے، عمل درآمد میں شفافیت اور مؤثر خدمت کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اُنہوںنے کہا، ’’بجٹ کو جموں و کشمیر کے لوگوںکی اُمنگوں کی عکاسی کرنی چاہیے اور اس کا فوکس جامع ترقی، متوازن علاقائی ترقی اور دیرپا اِقتصادی پیش رفت پر مرکوز ہونا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے محکموں کو مزید ہدایت دی کہ وہ حکومت کے ترقیاتی روڈ میپ اور مالیاتی نظم و ضبط کے ساتھ مربوط اور ضرورت پر مبنی تجاویز پیش کریں۔گزشتہ روز وزیر اعلیٰ نے نو اہم محکموں کے ساتھ قبل از بجٹ بات چیت شروع کی ۔ بقیہ محکموں کے ساتھ مشاورتی عمل 22 ؍جنوری کو اِختتام پذیر ہوگا۔یہ قبل از بجٹ مشاورتی میٹنگ جموں و کشمیر کے لئے ایک جامع، ترقی پرمبنی اور عوام دوست بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لئے منعقد کئے جا رہے ہیں۔