وزیر اعلیٰ نے کراس بارڈر گولہ باری میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کیلئے 10 لاکھ روپے ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان کیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے امبیڈکر جینتی کے موقعہ پر لوگوں کو مُبارک باد دی

جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے امبیڈکر جینتی کے موقعہ پر لوگوں کو مُبارک باد پیش کی اور بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ رام جی امبیڈکر کوزبر دست خراجِ عقیدت پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے اَپنے مُبارک بادی کے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے اَپنی پوری زِندگی سماج کے پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود اورترقی کے لئے وقف کردی۔اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کا ماننا تھا کہ ایک مثالی معاشرہ صرف سماجی انصاف کی بنیاد پر تعمیر کیا جا سکتا ہے اور اِنسانیت کے لئے ان کی یادگار خدمات کو ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔عمر عبداللہ نے جدید بھارت کی تشکیل میں ڈاکٹر امبیڈکر کے کلیدی رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے نہ صرف ہندوستانی آئین کے مسودے اور چھوت چھات کے خاتمے میں اہم کردار اَدا کیا بلکہ ملک کی سماجی، اِقتصادی اور تعلیمی پالیسیوں پر بھی دیرپا اثرات چھوڑے۔اُنہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کے نظریات اور تعلیمات سے رہنمائی اورتحریک حاصل کریں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کا نظریۂ آج کے دور میں بھی نہایت اہم ہے اور سب کو چاہیے کہ وہ مساوات، اِنصاف اور شمولیت پر مبنی معاشرہ قائم کرنے میں اَپنا رول ادا کریں۔