وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتھواجن میںسینٹرل وِٹرنری ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا

سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے سرینگر کے اتھواجن میں سینٹرل وٹرنری ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھاجو جموں و کشمیر میں وِٹرنری اِنفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔اِس منصوبے کی تخمینی لاگت 11.91 کروڑ روپے ہے اور یہ وٹرنری ٹریٹمنٹ، تشخیص اور جانوروں کی فلاح و بہبود کی خدمات کے لئے جدید ترین مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ یہ منصوبہ تعمیراتِ عامہ( آر اینڈ بی)محکمہ کے ذریعے عمل میں لایا جارہا ہے اور علاقے کے مویشیوں کے مالکان اور ڈیری فارمروںکی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہسپتال کے قیام سے مویشی پروری کو جدید وِٹرنری خدمات، بیماریوں پر قابو پانے کے اقدامات اور ایمرجنسی نگہداشت کی فراہمی سے بہت فائدہ ہوگا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت مویشی اور ڈیری شعبوں کی مدد کے لئے پُرعزم ہے کیو ں کہ یہ دیہی معیشت کے اہم اجزأ ہیں۔وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اورممبر اسمبلی لاک چوک احسان پردیسی بھی تھے۔اِس موقعہ پر پر محکمہ زرعی پیداوار اورتعمیراتِ عامہ ( آر اینڈ بی ) محکمہ کے اَفسران بھی موجود تھے۔