وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور مرکزی وزیرگجیندر سنگھ شیکھاوت کی سیاحت کو فروغ دینے پر گفتگو

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور مرکزی وزیرگجیندر سنگھ شیکھاوت کی سیاحت کو فروغ دینے پر گفتگو

سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کی شام مرکزی وزیر برائے سیاحت گجیندر سنگھ شیکھاوت کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات کی جس میں جموں و کشمیر میں سیاحتی شعبے کو مستحکم کرنے کے لئے حکمت عملی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات میں سیاحتی ڈھانچے کو بہتر بنانے، ورثہ و ثقافتی مقامات کو فروغ دینے اور مقامی کمیونٹیوں کے لئے دیرپا روزگار کے مواقع پید اکرنے جیسے متعدد اَقدامات پر گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت خطے کی اقتصادی ترقی اور ثقافتی تبادلے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔دوران ملاقات مرکزی وزیرگجیندر سنگھ شیکھاوت نے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا،’’ایسی ملاقاتیں ہمارے اس اِجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ جموں و کشمیر کو ایک عالمی سیاحتی مرکز بنایا جائے ۔‘‘وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکز کے مسلسل تعاون پر شکریہ اَدا کیا اور جموں و کشمیر حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیاحتی شعبے کو بحال اور ازسرِ نو متحرک کرکے اسے ہمہ گیر ترقی کے ایک مضبوط ذریعہ میں تبدیل کیا جائے گا۔