19 ہزار کروڑ روپے 9.32 کروڑ کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کیے جائیں گے
سرینگر//یو این ایس / زیر اعظم نریندر مودی 13 مارچ کو آسام کے شہر گوہاٹی سے پردھان منتری کسان سمان ندھی (پی ایم کسان) اسکیم کی 22ویں قسط جاری کریں گے۔ اس قسط کے تحت تقریباً 19 ہزار کروڑ روپے کی رقم براہِ راست 9.32 کروڑ کسانوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔زرعی امور کی وزارت کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق وزیر اعظم اس رقم کو ڈیجیٹل طریقے سے کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کریں گے۔ یہ رقم خریف فصل کی بوائی سے قبل جاری کی جا رہی ہے تاکہ کسان بیج، کھاد اور زرعی ادویات جیسی ضروری اشیا کی خریداری کر سکیں۔یو این ایس کے مطابق واضح رہے کہ پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم کا آغاز فروری 2019 میں کیا گیا تھا جس کے تحت ملک کے اہل کسانوں کو سالانہ 6 ہزار روپے کی مالی مدد تین مساوی اقساط میں فراہم کی جاتی ہے۔حکام کے مطابق اس سے قبل فروری 2025 میں 19ویں قسط کے طور پر تقریباً 22 ہزار کروڑ روپے 9.8 کروڑ کسانوں کو منتقل کیے گئے تھے۔ اس کے بعد اگست 2025 میں 20ویں قسط کے تحت تقریباً 20 ہزار 500 کروڑ روپے 9.7 کروڑ کسانوں کو دیے گئے جبکہ نومبر 2025 میں 21ویں قسط کے طور پر تقریباً 18 ہزار کروڑ روپے 9 کروڑ کسانوں کے کھاتوں میں منتقل کیے گئے تھے۔وزارت زراعت کے مطابق اب تک اس اسکیم کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 4.09 لاکھ کروڑ روپے کسانوں کو براہ راست منتقل کیے جا چکے ہیں۔ پی ایم کسان اسکیم حکومت کی زرعی شعبے کے لیے ایک اہم براہِ راست فائدہ منتقلی (ڈی بی ٹی) پروگرام تصور کی جاتی ہے جس کا مقصد کسانوں کی مالی معاونت اور زرعی پیداوار کو فروغ دینا ہے۔










