ہندو برادری کے نئے سال کے آغاز پر خوشحالی، امید اور قومی ترقی کے لیے دعائیں
سرینگر/ یو این ایس// وزیر اعظم نریندر مودی نے نوراتری کے آغاز اور ملک بھر میں منائے جانے والے مختلف روایتی تہواروں کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے نو سمواتسر، نوراتری، گڑی پڑوا، اگادی، چیٹی چند، نو ریہ اور سجیبو چیراؤبا جیسے تہواروں کے موقع پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار نئے سال کی آمد کی علامت ہیں، جو اپنے ساتھ نئی امیدیں، خوشحالی اور تازہ امکانات لے کر آتے ہیں۔ی واین ایس کے مطابق اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا،’’اس خصوصی موقع پر تمام اہلِ وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اللہ کرے کہ ہر ایک کی زندگی خوشیوں، کامیابی اور اچھی صحت سے بھر جائے۔‘‘انہوں نے کہا کہ آنے والا سال لوگوں کی زندگیوں میں حوصلہ، خود اعتمادی اور خدمت کے جذبے کو مزید مضبوط کرے گا اور قوم کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو نئی رفتار دے گا۔نو سمواتسر، جو ہندو نئے سال (وکرم سموت 2083) کا آغاز ہے، جمعرات کو چیترا شکلا پرتی پدا کے موقع پر شروع ہوا۔وزیر اعظم نے نوراتری کے موقع پر بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار دیوی درگا کی عبادت کے لیے مخصوص ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ مقدس موقع سب کے لیے خوشی، خوش بختی، خوشحالی اور بہترین صحت کا باعث بنے۔انہوں نے کہا کہ ماں درگا کی بے پایاں کرپا سے سب کی بھلائی ہو اور ‘‘وکست بھارت’’ کے عزم کو نئی توانائی ملے۔نریندر مودی نے گڑی پڑوا کے موقع پر بھی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ خوبصورت تہوار نئے سال کی آمد کی خوشی لاتا ہے اور امید و تازگی کی نئی لہر پیدا کرتا ہے۔اسی طرح انہوں نے اگادی کے موقع پر کہا کہ یہ تہوار روایت سے جڑا ہوا ہے اور نئی شروعات اور توانائی کی علامت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ آنے والا سال سب کے لیے خوشیوں، کامیابی اور صحت کا باعث بنے۔چیٹی چند کے موقع پر، جو سندھی برادری کا نیا سال ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تہوار معاشرے میں یکجہتی کے جذبے کو فروغ دیتا ہے اور دعا کی کہ یہ سب کی امنگوں کو پورا کرے اور امن و خوشحالی لائے۔وزیر اعظم نے کشمیری پنڈت برادری کے تہوار نو ریہ کے موقع پر بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: ‘‘نو ریہ پوشتے! آنے والا سال خوشیوں سے بھرپور ہو۔انہوں نے کہا کہ نئے سال کی آمد کے ساتھ نئی امیدیں، توانائی اور مواقع پیدا ہوں اور سب لوگ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے ایک روشن اور بہتر مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے منی پور کی میتی برادری کے تہوار سجیبو چیراؤبا کے موقع پر بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ نیا سال خوشی، کامیابی اور خوشحالی لے کر آئے۔










