نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی ہفتہ کو گجرات کے ایک دن کے دورے پر ہوں گے اور وہاں کوآپریٹو سیکٹر پر ایک سیمینار میں شرکت کریں گے اور افکو کی لیکویفائیڈ یوریا فیکٹری کا افتتاح سمیت چند پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جمعہ کوجاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم مودی اپنے دورے کے دوران راجکوٹ کے اٹکوٹ میں نئے تعمیر شدہ ماتوشری کے ڈی پی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا بھی معائنہ کریں گے۔ جدید ترین سہولیات سے لیس یہ اسپتال شری پٹیل سیوا سماج کی جانب سے چلایا جاتا ہے۔ وزیر اعظم مودی وہاں ایک عوامی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔ یہ پروگرام صبح 10بجے منعقد ہوگا۔ وزیراعظم شام 4بجے گاندھی نگر کے مہاتما مندر میں کوآپریٹیو پرایک سیمینار سے خطاب کریں گے۔ ’ساہکار سے خوشحالی‘ کے موضوع پر ہونے والے اس سیمینار میں مختلف کوآپریٹو اداروں کے سرکردہ رہنما اور اراکین شرکت کریں گے۔ اس پروگرام میں کوآپریٹو سیکٹر کے 60ہزار سے زائد نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔گجرات میں کوآپریٹو تحریک بہت مضبوط ہے اوروہاں 84ہزار سے زیادہ کوآپریٹو سوسائٹیاں چل رہی ہیں جن میں 2کروڑ 30لاکھ سے زیادہ ممبران شامل ہیں۔










